پاکستانی اداکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار دنانیر مبین نے کہا ہے کہ ان کے اور ساتھی اداکاروں کے درمیان تعلقات یا شادی کی افواہیں ان کے والدین کو پریشان کر دیتی ہیں۔
دنانیر مبین ان دنوں اپنی آنے والی فلم میرا لیاری کی تشہیر میں مصروف ہیں، جو کراچی کے علاقے لیاری کے پس منظر پر بنائی گئی ایک اسپورٹس ڈرامہ فلم ہے۔
حال ہی میں دنانیر نے ایک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے محبت، کیریئر اور شوبز انڈسٹری میں بڑھتے ہوئے شپنگ کلچر پر کھل کر بات کی۔
دنانیر مبین کا کہنا تھا کہ میں کبھی بھی محبت کے لیے اپنے خوابوں اور کیریئر پر سمجھوتہ نہیں کروں گی، میں ایسی نہیں ہوں کہ کسی کے پیچھے دیوانہ وار بھاگتی پھروں، وقت کے ساتھ مجھے احساس ہوا ہے کہ میری زندگی اور میرا کام زیادہ اہم ہیں، اگر کوئی میری زندگی میں آتا ہے تو خوش آمدید، لیکن میں کسی ایسے شخص کے لیے خود کو تکلیف میں نہیں ڈالوں گی جو میری پہنچ سے دور ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں محبت کو زبردستی نہیں تھوپوں گی، نہ ہی کسی کے لیے روتی رہوں گی، میرے پاس محبت میں دکھی ہونے کا وقت نہیں ہے۔
اداکارہ نے مداحوں کے شپنگ کلچر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فینز اکثر اداکاروں کی آن اسکرین کیمسٹری کو حقیقت سمجھ لیتے ہیں، جو انہیں غیر آرام دہ محسوس کرواتا ہے۔
دنانیر کے مطابق لوگ جب میرے اور ساتھی اداکاروں کے بارے میں افواہیں بناتے ہیں تو اس کا اثر صرف مجھ پر نہیں بلکہ میرے خاندان، خاص طور پر والدین پر بھی پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ دنانیر نے کم وقت میں ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی منفرد پہچان بنائی ہے۔