• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر اداکار کو کھانے سے کیوں روکا، اکشے کھنہ پروڈیوسر پر پھٹ پڑے، امیت بہل کا انکشاف

بالی ووڈ کے سینئر اداکار اکشے کھنہ جو عام طور پر نرم گفتار اور پُرسکون مزاج کے لیے جانے جاتے ہیں، ایک بار فلم کے سیٹ پر اس وقت سب کو حیران کر گئے جب انہوں نے ایک جونیئر اداکار کے ساتھ بدسلوکی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ 

اداکار امیت بہل نے انکشاف کیا کہ اکشے کو جب معلوم ہوا کہ ایک اداکار کو مرکزی کاسٹ اور عملے کے ساتھ کھانے سے روک دیا گیا ہے تو وہ پروڈیوسر پر آتش فشاں کی طرح پھٹ پڑے۔

امیت بہل نے سدھارتھ کنن کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک کریکٹر اداکار جو الگ ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا، اکشے کے ہوٹل میں دوپہر کے کھانے کیلئے آیا تھا۔ جیسے ہی اس نے کھانے کا پہلا نوالہ لیا تو پروڈیوسر کی بیوی یا کسی رشتہ دار نے دیکھ کر کہا کہ وہ یہاں کا حصہ نہیں اور اسے یہ کھانا نہیں کھانا چاہیے۔ پروڈکشن ٹیم نے بھی اسے روک دیا، جس پر وہ دل برداشتہ ہو کر خاموشی سے پلیٹ ایک طرف رکھ کر بیٹھ گیا۔

امیت بہل کے مطابق اکشے کھنہ نے یہ منظر دور سے دیکھا اور فوراً مداخلت کی۔ انہوں نے پروڈیوسر اور عملے پر سخت الفاظ میں تنقید کی اور کہا کہ ’بھوک اور عزت کا اصل مطلب کیا ہے؟ فلم پلیٹوں یا کھانے کی مقدار سے نہیں بنتی، بلکہ لوگوں کی دعاؤں سے بنتی ہے۔‘

امیت نے مزید بتایا کہ اس دن انہیں اندازہ ہوا کہ اکشے اپنے ساتھی فنکاروں کے لیے کتنے حساس اور فکر مند ہیں۔

اکشے پہلی بار تیلگو فلم مہاکالی میں جلوہ گر ہوں گے، جس میں وہ شکرآچاریہ کا کردار ادا کریں گے۔ یہ فلم پرسانت ورما سنیماٹک یونیورس کا حصہ ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید