7 روزہ جنگ بندی ختم، غزہ بھر میں اسرائیلی حملے، 178 فلسطینی شہید

December 01, 2023

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سات روزہ جنگ بندی ختم ہونے کے بعد غزہ بھر میں اسرائیلی فوج نے پوری شدت کے ساتھ حملے شروع کر دیے، جس کے دوران 3 صحافیوں سمیت 178 افراد شہید ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کے وسطی، مغربی اور جنوبی علاقوں میں بم باری کی گئی ہے، خان یونس اور جبالیہ میں گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق صبح سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

7 اکتوبر کے بعد سے غزہ پر جاری اسرائیلی فوج کی بمباری میں 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

اسرائیل نے آج حماس پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے غزہ پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر نے غزہ جنگ میں اپنے اہداف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ قطر اور مصر کی ثالثی میں 24 نومبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا۔

ایک امریکی اخبار کے صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کو حماس کے حملے کے منصوبہ کا ایک سال پہلے سے علم تھا۔

امریکی صحافی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل حماس کے حملے کے بلیو پرنٹ سے آگاہ تھی جو کہ 7 اکتوبر کے حملے سے ملتا جلتا تھا۔