غزہ میں 7 روز کی جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فوج نے دوبارہ بمباری کا سلسلہ شروع کردیا ہے، دوران بمباری کم عمر فلسطینی ولاگر کی بہادری کے ساتھ مسکرانے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
کم عمر فلسطینی ولاگر رمضان محمود اپنے انسٹاگرام پر مداحوں سے گفتگو کرنے کیلئے ویڈیو بنا رہا تھا کہ اس دروان اسرائیلی بمباری کی آوازیں اس کے بیک گراؤنڈ میں سنائی دیں۔
رمضان محمود اس وقت بالکل بھی خوفزدہ نظر نہیں آیا بلکہ اس دوران ویڈیو میں مسلسل مسکراتا رہا، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور لوگ ان کی ہمت کی داد دیتے نظر آرہے ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے غزہ پر جاری اسرائیلی فوج کی بمباری میں 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، قطر اور مصر کی ثالثی میں 24 نومبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا۔
جنگ بندی کے بعد اب بمباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے، جس میں آج صبح سے اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 109 ہوچکی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کے وسطی، مغربی اور جنوبی علاقوں میں بم باری کی گئی ہے، خان یونس اور جبالیہ میں گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔