خلیج بنگال میں نئے سمندری طوفان کی تشکیل کا خدشہ سامنے آگیا

December 02, 2023

فائل فوٹو

موسمیاتی تجزیہ کار نے خلیج بنگال میں نئے سمندری طوفان کی تشکیل کا خدشہ ظاہر کردیا، جس سے بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ساحل کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کہا ہے کہ انتہائی سازگار موسمی حالات کے باعث ڈیپ ڈیپریشن سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیج بنگال پر موجود ڈیپ ڈیپریشن شدت اختیار کرکے سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

جواد میمن نے مزید کہا کہ سمندری طوفان کے بنگلادیشی علاقوں کی طرف بڑھنے کا امکان ہے جبکہ اس سے بھارتی آندھرا پردیش کے ساحل کو بھی خطرہ رہے گا۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے یہ بھی کہا کہ ماہ دسمبر میں سمندری طوفان کی تشکیل اتنی عام بات نہیں، طوفان ہمارے خطوں میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو واضح طور پر ظاہر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طوفان سے پاکستان کے کسی ساحل کو کوئی خطرہ نہیں۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا کہ سمندری طوفان بننے کی صورت میں اس کا نام میچاونگ رکھا جائے گا، یہ نام میانمار کا تجویز کردہ ہے، جس کا مطلب طاقت اور لچک ہے۔

جواد میمن نے کہا کہ خلیج بنگال میں رواں سال کا یہ چوتھا سمندری طوفان ہوگا۔