مختلف قیمت کے مال کی زکوٰۃ کس حساب سے دی جائے گی؟

February 23, 2024

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: زید ،لُنڈے کا کام کرتا ہے ، وہ مارکیٹ سے مثلاً ایک کنٹینر مال اٹھاتا ہے، سو روپے فی کلو کے حساب سے، اب اسے گودام میں لانے کے بعد اس مال کو الگ الگ کرکے اس میں سے الگ الگ آئیٹم نکالتے ہیں ، جس کی مارکیٹ کی قیمت مختلف ہوتی ہے ، مثلاً اس میں سو روپے فی کلو فروخت ہونے والا مال ہوتا ہے ، اسی طرح دو سو روپے فی کلو والا مال بھی، اسی طرح فی دانے کے حساب سے بھی فروخت کیا جاتا ہے۔ مثلاً ایک ہزار روپے والا دانہ بھی ہوتا ہے، اسی طرح پچاس روپے والا دانہ بھی ہوتا ہے ، اب سوال یہ ہے کہ اس کی ادائیگی زکوٰۃ کس طرح کی جائے گی ؟مثلاً قیمت خرید پر ہوگی ؟ یا قیمت فروخت پر ؟

جواب: مال تجارت کی زکوٰۃ کی ادائیگی میں قیمتِ فروخت کا اعتبار ہے، یعنی جو سامانِ تجارت موجود ہے زکوٰۃ کی ادائیگی کے وقت بازار میں اس کی جو قیمتِ فروخت ہے، اس حساب سے اس کی زکوٰۃ ادا کی جائے گی۔ لہٰذا سائل کے جب مختلف قیمت کا سامان موجود ہو، تو زکوٰۃ کی ادائیگی کے دن اس سامان کو الگ الگ کرکے مختلف آئیٹم کی مختلف قیمت فروخت لگائی جائے گی، اور پھر اس مجموعی سامان کی جو قیمت فروخت بنے گی، اس قیمت پر سائل کو زکوٰۃ ادا کرنی ہوگی۔ جتنی قیمت پر مجموعی کنٹینر خریدا تھا زکوٰۃ کی ادائیگی میں اس قیمتِ خرید کا اعتبار نہیں ہوگا۔