ڈھائی ہزار سال قدیم یونانی مندر میں اولمپکس مشعل جلانے کی ریہرسل

April 16, 2024

قدیم اولمپیا (جنگ نیوز) یونان کے قدیم شہر اولمپیا میں پیرس اولمپکس 2024 کی مشعل روشن کرنے تقریب کی ریہرسل کی گئی۔ روایتی تقریب میں یونانی اداکارہ میری مینا نے پجارن کا روپ دھاکر 2500 سال پرانے مندر کے کھنڈرات کے سامنے سورج کی کرنوں کی مدد سے شیشے سے مشعل کو روشن کیا۔ انہوں نے علامتی طور پر اس موقع پر دعا کی کہ خدا دنیا میں امن قائم کریں اور پیرس کو کامیاب گیمز کی میزبانی کرنے میں مدد کریں۔ اس کے بعد پجارن نے مشعل اور زیتون کی شاخ پہلے مشعل بردار کے حوالے کیا ۔ پیرس اولمپکس کے مشعل روشن کرنے کی باضابطہ تقریب منگل کوہوگی، جس کے بعد یونان بھر میں ٹارچ ریلے کا آغاز کیا جائے گا، بعدازاں یونانی منتظمین 26 اپریل کو ایتھنز کے پاناتھینیک اسٹیڈیم میں ایک تقریب میں فرانسیسی وفد کو شعلہ سونپیں گے۔ اس تقریب کیلیے رقاصوں، موسیقاروں اور معاون عملے نے کئی مہینوں تک کام کیا ہے۔ پیرس اولمپکس 26 جولائی سے 11 اگست تک منعقد ہوں گے۔