مچل اسٹارک آئی پی ایل میں غیر تسلی بخش بولنگ پر وضاحتیں دینے لگے

April 16, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلوی فاسٹ بولر آئی پی ایل میں غیر تسلی بخش بولنگ کی وضاحتیں دینے لگے، ان کا کہنا ہے 34 برس کا ہوچکا ہوں۔ 2 سال میں زیادہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ نہیں کھیلا، ہو سکتا ہے سست آغاز کی یہی وجہ ہو ، ردھم میں واپس آ رہا ہوں اب اچھی بولنگ ہو رہی ہے، اپنے ورک لوڈ سے مطمئن ہوں۔ میں کچھ نہیں پڑھتا اس لیے مجھے کوئی چیز پریشان نہیں کرتی۔ مچل اسٹارک آئی پی ایل کے مہنگے کھلاڑی ہیں۔ انڈین پریمیئر لیگ میں بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مچل اسٹارک کو 44 لاکھ 30 ہزار آسٹریلوی ڈالرز میں خریدا تھا جو کہ بھارتی روپوں میں 24 کروڑ 75 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ لیگ کے ابتدائی میچز میں معمولی پرفارمنس پر مچل اسٹارک کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا تاہم اب خود پر کی جانے والی تنقید پر مچل اسٹارک نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ زیادہ کھیلنے والوں کیلئے ٹی ٹوئنٹی آسان ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے لکھنؤ کے خلاف 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔