ملک میں آئینی اور قانونی چیزوں کا فقدان، مہنگائی کے مسائل ہیں، عمر ایوب

April 19, 2024

--- فائل فوٹو

تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ ملک میں آئینی اور قانونی چیزوں کا فقدان ہے، مہنگائی کے مسائل ہیں، یہ چیزیں اٹھانی چاہئیں۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت سے 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا جس میں 2 نومنتخب اراکین نےحلف اٹھایا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حلف اٹھایا ہے کہ آئین کی پاسداری کریں گے، خلاف ورزی ہو رہی ہے، صدر کے خطاب پر بحث شروع کریں۔

عمر ایوب نے کہا کہ آپ نے تحریک پیش کرنی ہے کہ صدر کے خطاب پر بحث کرنی ہے، اپوزیشن لیڈر تحریک پر بحث کرے گا، اراکین اس پر بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کل نارووال میں سرکاری گاڑی کی ٹکر سے نوجوان شہید ہوا کوئی پرسان حال نہیں، ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی نہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ارکان نے شور شرابا بھی کیا۔