کانپور اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کو 5 ہزار گز پلاٹ دینے پر محتسب اعلیٰ کا فیصلہ غیر قانونی قرار

April 24, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے کے ڈی اے کے 1984میں کانپور اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کو 5 ہزار گز کا پلاٹ الاٹ کرنے پر محتسب اعلی کا فیصلہ غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کے روبرو کے ڈی اے کے 1984 میں کانپور اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کو 5 ہزار گز کا پلاٹ الاٹ کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ ڈی جی کے ڈی اے نے بتایا کہ پلاٹ اسکیم 36 میں الاٹ کیا گیا تھا۔ کانپور ایسوسی ایشن نے 3 قسطوں میں 2 لاکھ روپے ادا کیئے۔ 1995 میں ادائیگی کے لیے پہلا نوٹس دیا۔ کانپور ایسوسی ایشن نے محتسب اعلی کو درخواست دی تھی جس پر پلاٹ الاٹ کردیا گیا۔ بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ یہ فلاحی ادارہ ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے کے ڈی اے کو منت سماجت کر کے شوکاز کروایا گیا۔ 20 سال کے بعد کونسا ادارہ شوکاز نوٹس جاری کرتا ہے۔ یہ رفاہی پلاٹ ہے، اس کو پارک بنادیں، درخواست گزاروں کا بھی مقصد پورا ہوجائیگا۔