چینی کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں: وزیرِ اعظم

May 23, 2024

—فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں چینی کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں۔

یہ بات وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنی زیرِ صدارت اسلام آباد میں ہوئے خصوصی اجلاس میں کہی۔

اجلاس میں چینی کی برآمد سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا اور وزیرِاعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی گئی کہ چینی برآمد نہ ہوئی تو آئندہ سیزن میں شوگر ملز دیوالیہ ہوجائیں گی اور آئندہ سیزن میں 40 شوگر ملز بند ہو جائیں گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شوگر ملز نے رواں سیزن گنے کے کاشت کاروں کو 800 ارب روپے میں سے 760 ارب روپے ادا کیے ہیں، شوگر ملز نے رواں سیزن کاشت کاروں کو اب بھی 40 ارب روپے ادا کرنا ہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی برآمد نہ ہوئی تو شوگر ملز نومبر میں کرشنگ نہیں کر سکیں گی، ملک میں 15 لاکھ ٹن چینی اضافی ہے، 5 لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کی گئی تو 26 کروڑ ڈالرز حاصل ہوں گے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ چینی کی برآمد کا فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کرے گی، اقتصادی رابطہ کمیٹی چینی کے اسٹاک اور عالمی مارکیٹ کا جائزہ لے، شوگر ملز پورا سال 140 روپے ایکس فیکٹری قیمت کی فراہمی کی یقین دہانی کرائیں۔