مکیش امبانی کا اینٹیلیا ٹاور یا برج خلیفہ، مہنگی ترین عمارت کونسی ہے؟

May 24, 2024

--- فائل فوٹو

دنیا کے امیر ترین شخص اور بھارت کے بزنس مین مکیش امبانی جو اپنی دولت کے سبب شہ سرخیوں کا حصہ بنے رہتے ہیں، ان کا عالیشان محل دنیا کے مہنگے ترین گھروں میں سے ایک ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مکیش امبانی کی مجموعی مالیت 113 بلین ڈالر ہے اور وہ دنیا بھر میں سب سے مہنگی جائیداد کے مالک ہیں۔

ان کی سب سے قیمتی جائیدادوں میں سے ایک ممبئی میں واقع ان کی رہائش گاہ ہے، جسے انٹیلیا ٹاور کا نام دیا گیا ہے، اس کا شمار دنیا کے مہنگے ترین گھروں میں ہوتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ سے زیادہ مہنگی ہے؟

اینٹیلیا ٹاور:

ممبئی کی الٹاماؤنٹ روڈ پر واقع 568 فٹ بلند عمارت اینٹیلیا ٹاور، جسے ممبئی کا گرین ٹاور بھی کہا جاتا ہے، 27 منزلہ پرتعیش گھر ہے۔

اس عالیشان گھر میں دنیا بھر کی تمام سہولیتں موجود ہیں، ممبئی کے علاقے کمبالا ہل میں 4 لاکھ مربع فٹ کے رقبے پر محیط ہے۔

عمارت کی 27 منزلوں میں سے اوپر کی چھ منزلیں ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی کے اہل خانہ کے لیے مختص ہیں۔

اس عالیشان گھر کو دو امریکی کمپنیوں نے 2004 سے 2010 کے درمیان 15 ہزار کروڑ بھارتی مالیاتی روپے میں تعمیر کیا تھا۔

برج خلیفہ:

دبئی میں واقع 163 منزلوں کے ساتھ دنیا کی بلند ترین عمارت کا اعزاز رکھنے والا برج خلیفہ جس کی لمبائی 2 ہزار 716 فٹ ہے، اس کی تعمیری لاگت مکیش امبانی کے27 منزلہ پرتعیش گھر سے کم ہے۔

برج خلیفہ مختلف قسم کے تجارتی، رہائشی اور مہمان نوازی کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

جنوبی کوریا کی ایک فرم نے اسے بھی 2004 سے 2010 کے دوران تعمیر کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس کی تعمیر میں 1.5 بلین ڈالر کی لاگت آئی ہے جو آج 12 ہزار کروڑ روپے سے زائد کے برابر ہے۔

لہذا برج خلیفہ دنیا کی بلند ترین عمارت ہونے کا اعزاز اپنے پاس رکھنے کے باوجود مکیش امبانی کے اینٹیلیا ٹاور سے کم قیمت میں تعمیر کیا گیا تھا.