• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھرپور احتجاج کے بعد پاکستان فٹبال کے کانگریس ممبران کو غیرقانونی حراست سے رہائی مل گئی

 سندھ فٹ بال ایسو سی ایشن کے بھرپور احتجاج اور سوشل میڈیا پر چلنے والی بھرپور تحریک کی بدولت پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے غیرقانونی طور پر حراست میں لیے جانے والے محمد صدیق اور کفایت اللّٰہ کو غیر قانونی حراست سے رہائی مل گئی۔

محمد صدیق اور کفایت اللّٰہ کو رات گئے تھانہ عوامی کالونی کورنگی اور سہراب گوٹھ تھانے سے رہائی مل گئی۔

اس موقع پر سندھ فٹ بال ایسو سی ایشن کے صدر اعظم خان اور دیگر عہدے دار بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ پی ایف ایف کانگریس ممبر محمد صدیق اور کفایت اللّٰہ کو اتوار کو نامعلوم افراد پولیس موبائل میں ڈال کر لے گئے تھے۔

پیر کو سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں محمد صدیق اور کفایت اللّٰہ کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیے جانے کا افسوس ناک واقعہ قرار دیا تھا۔

سندھ فٹبال ایسوسی ایشن نے پاکستان بھر کے تمام فٹبال اسٹیک ہولڈرز، فٹبال برادری اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے نزدیک کانگریس ممبران کو اس طرز پر حراست میں لینا غیر قانونی عمل ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس کے پیچھے اصل مقصد 28 دسمبر 2025ء کو منعقد ہونے والی پاکستان فٹبال فیڈریشن کی کانگریس میٹنگ کو متاثر کرنا تھا، جس میں صوبہ خیبر پختون خوا کے ایگزیکٹیو ممبران کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق اس اقدام کو فٹبال حلقوں میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور اسے فٹبال کے جمہوری عمل میں کھلی مداخلت قرار دیا گیا۔

ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ یہ بات بھی روزِ روشن کی طرح واضح ہے کہ سندھ حکومت ہمیشہ کھیلوں، بالخصوص فٹبال اور فٹبالرز کے حقوق کے تحفظ میں پیش پیش رہی ہے۔

سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ واقعہ نہ تو پیپلز پارٹی کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے اور نہ ہی سندھ حکومت کے مؤقف کی، بلکہ یہ چند ایسے عناصر کی ذاتی ضد اور مفادات کا نتیجہ ہے جو کسی بھی صورت فٹبال فیڈریشن میں اثر و رسوخ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور انہی سازشوں کے باعث یہ ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی۔

ایسوسی ایشن کے مطابق ہم وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے کانگریس ممبران کی بازیابی کو ممکن بنایا۔

سندھ فٹبال ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ فٹبال کے جمہوری، شفاف اور آئینی عمل کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جاتی رہے گی اور کسی کو بھی کھیل کو ذاتی یا سیاسی مفادات کے لیے یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید