فلوریڈا میں میچ سے ایک رات پہلے بابر اعظم میامی میں تھے، ٹیم مینجمنٹ کی وضاحت

June 16, 2024

بابر اعظم: فوٹو فائل

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں آئرلینڈ سے میچ سے ایک رات قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کیساتھ ایک پرستار نے تصویر بنائی اور اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ صبح میچ ہے اور کپتان رات 11 بجے میامی میں ہیں۔

اس بارے میں ٹیم کے میڈیا منیجر رضا راشد کہتے ہیں وہ رات 8 سے 10 بجے تک کپتان کے ساتھ تھے، جبکہ ٹیم کے سینئر منیجر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہوٹل میں بابر اعظم کے ساتھ کھانا کھایا۔

البتہ جس لڑکے نے بابر اعظم کے ساتھ میامی میں رات گئے میچ سے ایک رات قبل تصویر بنوائی، اس کے والد کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا کیوں جھوٹ بولے گا؟ اس نے 15 جون کی رات میامی میں بابر اعظم کیساتھ یہ تصویر بنوائی ہے، ہم کو جھوٹ بولنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

دوسری جانب ٹیم کے سینئر منیجر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ درست ہے کہ ہمارے کھلاڑی رات کھانا کھانے ہوٹل سے باہر جاتے ہیں، لیکن میچ سے ایک رات پہلے کھلاڑی عموماً ہوٹل میں کھانا کھاتے ہیں۔

جب وہاب ریاض سے یہ سوال کیا گیا کہ نیویارک میں رات 12 بجے تک کھلاڑی ہوٹل سے باہر نظر آئے تو انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے لیکن میچ سے ایک رات پہلے کرفیو ٹائم پر سب نے عملدرآمد کیا ہے۔