بیٹی کی شادی سے لاعلم شتروگھن سنہا کیا شادی میں شرکت کریں گے؟

June 18, 2024

--- فائل فوٹو

والد کو اپنی شادی سے بے خبر رکھنے والی بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کے والد و اداکار شتروگھن سنہا اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کریں گے یا نہیں، اداکارہ کے ماما پہلاج نہلانی نے بتا دیا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ سوناکشی سنہا رواں ماہ اپنے قریبی دوست ظہیر اقبال سے شادی کرنے جا رہی ہیں۔

اس حوالے سے جب گزشتہ دنوں اداکارہ کے والد و اداکار شتروگھن سنہا سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ شادی کے حوالے سے ابھی تک معلوم نہیں، جب مجھے بتایا جائے گا تو میں دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کروں گا۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ آج کل کے بچے اجازت نہیں لیتے بلکہ صرف بتاتے ہیں۔

شتروگھن سنہا کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ سوناکشی سنہا کے خاندان میں ان کی شادی سے متعلق اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، یہ بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ اداکار اپنی بیٹی سے ناراض ہیں۔

تاہم اب پہلاج نہلانی نے سوناکشی سنہا اور ان کے والد شتروگھن سنہا کے درمیان اختلافات سے متعلق تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ شتروگھن سنہا انتخابات کی وجہ سے تقریباً گزشتہ 3 ماہ سے ممبئی سے باہر تھے، یقیناً بھابی جی (پونم سنہا) کو سب کچھ ضرور معلوم ہوگا اور وہ انہیں آگاہ کر دیں گی، سوناکشی اور ان کے اہل خاندان کے درمیان سب ٹھیک ہے۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ شتروگھن سنہا اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شترو جی اپنی بیٹی سے زیادہ دیر ناراض رہ ہی نہیں سکتے تو شادی میں شرکت نہ کرنے کا سوال تو پیدا ہی نہیں ہوتا کیونکہ وہ ان کی لاڈلی ہے۔