باادب، باملاحظہ ہوشیار، ٹی 20 کے لیے نئے سلطان کی آج تاج پوشی، جنوبی افریقا اور بھارت آمنے سامنے

June 29, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) باادب ، باملاحظہ ، سلطنت ٹی ٹوئنٹی کر کٹ کےنئے سلطان کی تاجپوشی ہفتے کو بارباڈوس میں ہوگی، مختصر ترین فارمیٹ کا حکمران کون ہوگا اس کا فیصلہ ہفتے کو ورلڈ کپ کے فائنل میں سابق عالمی چیمپئن بھارت اور پہلی بار فائنل کھیلنے والی جنوبی افریقا کے درمیان رسہ کشی سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ میں ناقابل شکست رہی ہیں، فائنل کے دل چسپ ہونے کا امکان ہے۔ ادھر موسم کروٹیں لے رہا ہے اور بارش بھی مداخلت کیلئے تیار ہے۔ بھارت نے تیسری مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ 2014کے فائنل میں اسے سری لنکا نے شکست دی تھی، بھارت 2007کے پہلے ورلڈ کپ کا فاتح بنا تھا ۔ موسم کا حال بتانے والی مختلف ایپلیکیشنز نے ہفتے اور اتوار کو بارباڈوس میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ہفتے کو بارباڈوس میں علی الصبح سے شام 6 بجے تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ فائنل کیلئے اتوار کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے تاہم اس روز بھی بارش کا امکان ہے جبکہ اتوار کو صبح 11 سے شام 5 بجے کے درمیان بھی بارش متوقع ہے۔ ورلڈکپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق فائنل میچ کے دونوں دنوں کیلئے 190 منٹ کا اضافی وقت رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ میچ کا آفیشل دورانیہ مقامی وقت کے مطابق صبح 1030 سے دوپہر ایک بج کر 40 منٹ تک ہے اور اضافی وقت کی صورت میں کھیل 4 بج کر 50 منٹ تک جاری رہ سکے گا۔ اگر فائنل مکمل نہ ہو سکا تو بھارت اور جنوبی افریقا مشترکہ طور پر چیمپئن قرار پائیں گے۔ بھارتی ٹیم بارباڈوس پہنچ گئی۔ جہاں جمعے کو کھلاڑیوں نے مکمل آرام کیا۔ فائنل سے قبل پریکٹس سیشن بھی منسوخ کردیا گیا۔ دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم کا فائنل سے قبل جمعے کو آپشنل پریکٹس سیشن ہوا۔ جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکر پہلی آئی سی سی ٹرافی اٹھانے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کو پرسکون رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے کبھی ورلڈ کپ کا فائنل نہیں کھیلا، لیکن ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ ہمیں ایسا موقع پہلے کبھی نہیں ملا، کھلاڑیوں سے کہوں گا کہ انھیں پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ فائنل ہمارے لیے ایک آخری امتحان ہے اور ایک اور میچ جیت کر ہم ٹرافی اٹھائیں گے ۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم دوسری بار فائنل جیتنے کیلئے پر امید ہیں، ایونٹ میں ناقابل شکست ہیں، فائنل میں بھی فتح کے ساتھ گراؤنڈ سے باہر آئیں گے ۔ 7 ماہ قبل ون ڈے ورلڈکپ فائنل میں ہم فیورٹ تھے، نہ جیت سکے لیکن اس بار ہم مثبت ہیں اور ٹرافی اٹھائیں گے۔ کوہلی بڑے پلیئر ہیں۔15 سالہ کیریئر میں فارم ایشو بن جاتی ہے لیکن وہ فائنل کھیلیں گے۔