کوہلی کے ورلڈ کپ میں صرف 75 رنز، ریٹائر ہونے کا مشورہ

June 29, 2024

کراچی ( جنگ نیوز/ اسٹاف رپورٹر) بھارتی سپر اسٹار ویرات کوہلی ٹی 20 ورلڈکپ میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کرکٹ پرستار انہیں ریٹائر ہونے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل بھی ان کیلئے خوفناک ثابت ہوا ، وہ صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ 35 سالہ کوہلی گذشتہ سات اننگز میں ایک بھی ففٹی بنانے میں ناکام رہے تھے۔ وہ 100 کے اسٹرائیک ریٹ سے 75 رنز بناسکے ہیں۔ ان کی فارم پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ مجموعی طور پر کوہلی نے ٹی 20ورلڈکپ میں 1100 سے زائد رنز بنارکھے ہیں ۔ تاہم دوسری جانب انگلینڈ کے سابق اسپنر مونٹی پنیسر نے دعویٰ کیا ہے کہ فائنل میں ویرات کوہلی جنوبی افریقا کے خلاف سنچری اسکور کریں گے، بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے ٹرافی کیلئے بھارت کو فیورٹ قرار دیا۔