کبھی کبھی اچھی لگتی ہے… ہلکی سی برساتی دھوپ

February 10, 2019

گہرےسیاہ بادل، ہوا کی رُتھ پر سوار جب کسی مقام پر پڑاؤ ڈالیں، تو ننّھی ننّھی بوندیں برس برس کر پَل بَھر میں آس پاس کا ہرمنظر حسین کردیتی ہیں اور برسات تو لڑکیوں بالیوں کو ویسے ہی بہت بھاتی ہے۔ وہ ایک منیر نیازی کا بڑا ہی پیارا سا شعر ہے؎’’گھٹا دیکھ کر خوش ہوئیں لڑکیاں…چھتوں پر کِھلے پھول برسات کے‘‘۔ایک تو سردی، دوجی برسات اور ایسے میں سَکھی سہیلی کا ساتھ، تو صحیح معنوں میں چارسُو شادمانی ہی شادمانی ہے۔

موسم حسین ہے، تو ہم نے بھی اپنی بزم اِسی مناسبت سے کچھ خُوب صُورت اونی پہناووں سے مرصّع کی ہے۔ذرا دیکھیے، ایک ماڈل نے بلیو فٹڈ جینز، وائٹ شرٹ کے ساتھ سیاہ اور سُرمئی رنگوں کے کامبی نیشن میں اسٹائلش کارڈیگن زیبِ تن کیا ہے، تو دوسری نے بلیو فٹڈ جینز کے ساتھ میجنٹا رنگ شرٹ اور فون، براؤن رنگوں کے دِل کش کارڈیگن کا انتخاب کیا ہے۔پھر ایک کا بلیو رنگ جینز کے ساتھ فون اور سیاہ کے کنٹراسٹ میں کُرتی انداز سوئیٹر ہے، تو دوسری کا کاہی اور ہلکے سبز رنگوں میں۔ ایک انداز سیاہ جینز کے ساتھ چاکلیٹ براؤن بیس میں فرسوئیٹر کا ہے، تو دوسرا آف وائٹ کے ساتھ ڈارک بلیو رنگ اسٹائلش لانگ کارڈیگن کا۔اِسی طرح ایک اور اسٹائلش لُک میں ایک ماڈل کا آف وائٹ رنگ لانگ فرنٹ اوپن پاکٹ کارڈیگن ہے، تو دوسری کا سیاہ و سفید کے سدا بہار کامبی نیشن میں پرنٹڈ کارڈیگن۔

کہیے، ہمارے رنگ و انداز دیکھ کے آپ کا مَن بھی کہہ اُٹھا ناں؎کبھی کبھی اچھّی لگتی ہے…ہلکی سی برساتی دھوپ۔