ڈینیل زھینگ

August 19, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

ریٹیل، ای کامرس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں چینی کمپنی علی بابا حالیہ چند برسوں میں انتہائی تیزی کے ساتھ اُبھر کر سامنے آئی ہے۔ اسی وجہ سے علی باباکے بانی اور چیئرمین جیک ما کاشمار دنیا بھر میں جانی مانی کاروباری شخصیات میں ہوتا ہے۔

جیک ما، سحر انگیز شخصیت کے مالک انسان ہیں۔ وہ جب بولتے ہیں تو دنیا انھیں دھیان سے سُنتی ہے، جن میں سربراہانِ مملکت، ٹاپ بزنس لیڈرز، انٹرپرینیورز اور طلبا سب ہی شامل ہیں۔ تاہم جیک ما، گزشتہ سال کے اعلان کے مطابق رواں سال ستمبر میں علی باباکی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوجائیں گے۔ 10ستمبر 2019ء کو ان کی جگہ علی باباکے موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈینیل زھینگ، بورڈ کے چیئرمین کی اضافی ذمہ داری بھی سنبھال لیں گے۔

ایسے میں جیک ما کے مداح اور علی بابا کے مستقبل پر نظر رکھنے والے لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ڈینیل زھینگ کون ہیں اور تیزی سے ترقی کرتی ای کامرس اور ٹیکنالوجی کمپنی میں اُن کے ٹاپ پوزیشن پر آنے کے پیچھے کیا عوامل کارفرما ہیں۔

اس سلسلے میں سب سے پہلی اور اہم ترین جاننے والی بات یہ ہے کہ علی بابا کے اندر ڈینیل زھینگ کو کبھی بھی ’مسٹر زھینگ‘ (Mr Zhang) کہہ کر نہیں پُکارا جاتا۔ اس کے بجائے ان کے لیے چینی زبان کا لفظ Xiaoyaozi استعمال کیا جاتا ہے، جس کے معنی ہیں ’’آزاد‘‘ یا ’’قید و بند سے آزاد‘‘۔

کامیابی کے سفر کا آغاز

ڈینیل زھینگ نے 2007ء میں علی بابا گروپ میں شمولیت اختیار کی۔ انھوں نے گروپ کی آن لائن مارکیٹ پلیس کمپنی Taobaoمیں بطور چیف فنانشل آفیسر شمولیت اختیارکی تھی، جہاں مصنوعات تیار اور فروخت کرنے والوں کو براہِ راست صارفین سے ملوایا جاتا ہے۔ اس کےبعد انھیں ترقی دے کر علی باباگروپ کی ایک اور کمپنی Tmallکا صدر بنادیا گیا، جو برانڈز اور ریٹیلرز کو اپنی مصنوعات فروخت کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ اپنے آغاز کے بعد مختصر سے عرصہ میں ہی Tmallچین کی سب سے بڑی B2Cمارکیٹ بن گئی۔ بالآخر 2015ء میں ڈینیل زھینگ ترقی پاکر علی بابا گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بن گئے۔

علی باباگروپ میں ڈینیل زھینگ کو سب سے بڑی کامیابی 2009ء میں سنگلز ڈے (Singles' Day)کے ذریعے ملی۔ چین کی جامعات میں سنگلز ڈے ویسے تو 1993ء سے منایا جارہا ہے، جس کے تحت ہر سال 11نومبر کو طلباء اپنے Singlehoodکو سیلی بریٹ کرتے ہیں۔ تاہم اسے چین کا سب سے بڑا شاپنگ ایونٹ بنانے کا سہرا ڈینیل زھینگ کو جاتا ہے۔ ڈینیل زھینگ کے اندر کے مارکیٹنگ جینئس نے اس ایونٹ کو اس طرح کیش کروایا کہ آج یہ دنیا کا سب سے بڑا ایک روزہ شاپنگ فیسٹول بن چکا ہے۔

24گھنٹوں پر مشتمل شاپنگ فیسٹول کے ابتدائی 90سیکنڈز میں ایک ارب ڈالر مالیت کی مصنوعات فروخت کرنا، دنیا کے بڑے سے بڑے ریٹیلر کے لیے ایک خواب ہی ہوسکتا ہے، تاہم علی بابا اس خواب کو حقیقت میں بدلنے میں کامیابی حاصل کرچکا ہے۔ صرف یہی نہیں، سنگلز ڈے 2018ء کے موقع پر 24گھنٹوں میں علی بابا نے ریکارڈ 30 ارب 80کروڑ ڈالر مالیت کی مصنوعات آن لائن فروخت کیں، یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 27فی صد کا اضافہ ہے۔ علی بابا کی یہ ایک روزہ ریکارڈ فروخت کس قدر اہم اور معنی خیز ہے، یہ اندازہ اس کے امریکی حریف سے تقابلی جائزہ کرکے ہی لگایا جاسکتا ہے۔ امریکی ای کامرس جائنٹ ایمیزون نے سائبر منڈے2018ء کے 24 گھنٹوں میں 7ارب90کروڑ ڈالر مالیت کی مصنوعات آن لائن فروخت کیں جبکہ بلیک فرائیڈے2018ء کے24گھنٹوں میں6 ارب22کروڑ ڈالر مالیت کی مصنوعات فروخت کیں۔

علی باباکے ملازمین کی تعداد93ہزار کے لگ بھگ ہے اور اس کا شمار 21ویں صدی کے چند کامیاب ترین کاروباری اداروں میں ہوتا ہے۔ 1999ء میں علی بابا کے بانیان نے جیک ما کے اپارٹمنٹ سے اس کمپنی کو لانچ کیا تھا اور کاروبار کے آغاز میں وہ خود کو بہت ہی معمولی تنخواہ ادا کرتے تھے۔ آج علی بابا کی سالانہ سیلز کی مالیت 768ارب ڈالر ہے جبکہ صرف 30ستمبر 2018ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی (تین ماہ) میں اس کی خالص آمدنی 12ارب40کروڑ ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کےمقابلے میں 54فی صد کا اضافہ ہے۔ 30ستمبر 2018ء کو علی بابا کے سرگرم (ایکٹو) صارفین کی تعداد 601ملین تھی، گزشتہ سال سے اس میں25ملین کا اضافہ ہوا ہے۔

علی بابا نے آمدنی میں اضافے کے رجحان میں، ٹیکنالوجی کے شعبہ میں کام کرنے والی تمام مقامی (چینی) اور بین الاقوامی کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ آئندہ کے لیے علی بابا کے اہداف کچھ یہ ہیں:

٭ 2020ء تک سالانہ سیلز کو 1ٹریلین ڈالر تک پہنچانا

٭2036ء تک عالمی سطح پر 2ارب سرگرم صارفین تک پہنچنا

٭چھوٹے اور درمیانے حجم کے 10ملین منافع بخش اداروں کو سپورٹ کرنا

٭100 ملین نوکریاں پیدا کرنا

ڈینیل زھینگ کے بارے میں جیک ما کہتے ہیں، ’’بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد، ڈینیل نے اپنی بہترین ذہانت، کاروباری سوجھ بوجھ اور لیڈرشپ خصوصیات کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی قیادت میں علی بابانے مسلسل 13سہ ماہیوں تک پائیدار ترقی دِکھائی ہے۔ وہ بہترین تجزیاتی ذہن کے مالک ہیں اور کمپنی کے مشن اور ویژن کو بہت پیارا اور دل کے قریب رکھتے ہیں‘‘۔

جیک ما نے ڈینیل زھینگ کو جانشینی سونپنے کے لیے 10سال تک تیار کیا ہے۔ اکثر اوقات قیادت کی تبدیلی کاروباری اداروں میں بے یقینی کی کیفیت پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے، تاہم علی بابا اور ڈینیل زھینگ پہلے ہی ایک دوسرے سے اچھی طرح مانوس ہیں۔ مزید برآں، جیک ما، تاحیات پارٹنر کی صورت میں علی بابا گروپ کو مزید استحکام بخشنے کے لیے موجود رہیں گے۔ ایسے میں یہ بآسانی کہا جاسکتا ہے کہ علی بابا کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔