ڈینگی بخار سے اموات کا جائزہ لینے کیلئے سندھ کے ماہرین کا اجلاس

November 06, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچو ہو کی ہدایت پر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن (ایس ایچ سی سی) نے اسپتالوں میں ڈینگی بخار سے ہونے والی اموات کی جائزہ لینے کیلئے ڈینگی پروگرام سندھ کے ماہرین سے اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں چیف ایگز یکٹوآفیسر ایس ایچ سی سی ڈاکٹر منہاج قدوائی، ایڈ یشنل پروگرام منیجر ڈینگی پروگرام سندھ ڈاکٹر عبدالوحید شیخ، ڈائریکٹر انسداد شکایات، ڈائریکٹر کلینکل گورننس اینڈ ٹریننگ نے شرکت کی۔ سی ای او ایس ایچ سی سی ڈاکٹر منہاج قدوائی نے ڈینگی پروگرام سندھ پروگرام منیجر ڈاکٹر محمود اقبال میمن سے ٹیلی فون پر ڈینگی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور بخار سے ہونے والی اموات کا جائزہ لینے کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر ڈینگی کے پھیلاؤ اور اس سے ہونے والی اموات سے بچاؤ کیلئے جامع پالیسی اور احتیاطی تدابیر اپنانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ دوسری جانب ڈینگی کی روک تھام کیلئے اہم اجلاس 6 نومبر (آج) سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے آفس میں منعقد ہوگا جس میں ڈینگی پروگرام سندھ اور ایس ایچ سی سی کے ماہرین شرکت کریں گے اور ڈینگی سے نمٹے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنائیں گے۔ جبکہ صوبائی وزیر برائے صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچو ہو کی ہدایت پر اسپتالوں کا دورہ کیا اور ڈینگی بخار کے حوالے دستیاب علاج ومعالجے کی سہولیات کامعائنہ کیا گیا۔