جامعات کی ترقی کیلئے ریسرچ کلچر کا فروغ ناگزیر ہوگیا، ڈاکٹر عراقی

November 06, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جامعات کی ترقی کے لیے ریسرچ کلچر کا فروغ ناگزیر ہوگیاہے،تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کئے بغیرمطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہوسکتے۔جامعہ کراچی کے اساتذہ محدود وسائل کے ساتھ گراں قدرخدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اسٹاف کلب جامعہ کراچی کے سبزہ زارپر منعقدہ ”سالانہ عشائیہ “ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ میرے وائس چانسلر کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد سے اکیڈمک کونسل ،ایڈوانسڈاسٹڈیزاینڈ ریسرچ بورڈ اور سنڈیکیٹ کے اجلاسوں کا تواتر سے انعقاد کیا جارہاہے۔پی ایچ ڈی الاؤنس کو تنخواہ کا حصہ بنا نے اورہارڈ شپ کیسزکو سنڈیکیٹ کے آئند ہ اجلاس میں پیش کیاجائے گا۔ ریفربیک کیسز پر میرٹ کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔میری کوشش ہے کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں ۔جامعہ کراچی کے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے لئے ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے انجمن اساتذہ سے میری بات ہوچکی ہے اور اس سلسلے میں بہت جلد سندھ حکومت سے بھی بات کرونگا ۔ ڈاکٹر انیلا امبر ملک نے مزید کہا کہ مجھے فپواسا سندھ کی صدارت کی ذمہ داری بھی تفویض کی گئی جس کے مختلف اجلاس کراچی اور لاڑکانہ میں منعقد ہوئے اور جامعہ کراچی نے اس میں اہم کردار اداکیا اور سندھ کی دیگر جامعات کے ساتھ ساتھ جامعہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے بھی ان مواقعوں کو بھر پورطریقے سے استعمال کیا گیا جس کے نتائج آپ کے سامنے ہیں اور پی ایچ ڈی گرانٹ، ہارڈ شپ کیسز کا اختیار جامعات کی سنڈیکیٹ کو منتقل ہونا انجمن اساتذجامعہ کراچی کی انتھک مخلصانہ کاوشوں کا ثمر ہے۔جامعات کی گرانٹ جو سندھ حکومت سے متعلق ہے اس کو بجٹ کا حصہ بنانے کے لئے حال ہی میں سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈ ز سے ملاقات بھی ہوئی ہے ۔سندھ سے ملنے والی گرانٹ کو اگر بجٹ کا حصہ بنادیا جائے تو جامعات کے بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔اس موقع پر سال 2019 ءمیں پی ایچ ڈی کرنے والے، سبکدوش ہونے والے اساتذہ اورنووارد اساتذہ کو بھی شیلڈز پیش کی گئیں ۔نائب صدر انجمن اساتذہ پروفیسر ڈاکٹرایس ایم طحہٰ نے کلمات تشکر اداکرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ جامعہ کراچی کا نصب العین تحقیق وتدریس ہے اور وہ عظمت مادرعلمی کے پس منظر میں طلباوطالبات کی رہنمائی اپنا فریضہ منصبی سمجھتے ہوئے اس پر کاربند ہیں۔تقریب میں نظامت کے فرائض سیکریٹری انجمن اساتذہ ڈاکٹر غفران عالم نے انجام دیئے۔