گلاس ٹائلز... سجاوٹ کا نیا انداز

November 17, 2019

ٹائلز کے فوائد اور بڑھتے استعمال کی بدولت یہ اب ہر گھر کی ضرورت بن گئے ہیں لیکن ضرورت کے علاوہ ان ٹائلز کا استعمال گھر کی سجاوٹ ودلکشی بڑھانےکے لیے بھی کیا جاتا ہے۔ ڈیکوریشن ٹائلز کی بات کی جائے تومارکیٹ میں بے شمار اسٹائل اور ڈیزائن موجود ہیں، جنہیں گھر کے مختلف حصوں میں لگاکر ان جگہوں کو لگژری انداز دیا جاتا ہے۔ لگژری لُک کے لیے گلا س ٹائل ایک نیا ٹرینڈ ہے، جو دیکھتے ہی دیکھتے سیرامک ٹائلز سے زیادہ مقبولیت حاصل کر گیا ہے۔

مارکیٹ میں گلاس ٹائلز کے مختلف سائز، مبہم رنگ اور شیپ دستیاب ہیں جو کہ عام سیرامک ٹائلز سے کہیں زیادہ مہنگے ہوتے ہیں کیونکہ ان ٹائلز کی آرٹسٹک اور ہینڈی کرافٹ خصوصیات ان کی قیمتوں پر بآسانی حاوی ہوجاتی ہیں۔ اگر آپ بھی اپنے گھر کی سجاوٹ میں گلاس ٹائلز کا اضافہ چاہتے ہیں تو مندرجہ ذیل مشورے آپ کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں ۔

باتھ روم کو دیجیے اسپا لُک

باتھ روم آپ کے گھرکا لازمی اور ذاتی حصہ ہے لیکن دورانِ سجاوٹ اگر تھوڑی سی سمجھداری کا مظاہرہ کیا جائےتو اس حصے کو متاثر کن اور پرسکون ’اسپا ‘ میں بآسانی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ ایک ایسا اسپا جہاں آپ سکون و آسودگی کادلنشین احساس محسوس کریں۔ باتھ روم میں اسپا لُک دینے کے لیے یہاں گلاس ٹائلز کا اضافہ کیجیے۔

شاور والے حصے کو علیحدہ کرنے کے لیے گلاس بلاک وال بنوائی جاسکتی ہے، شیشے کی یہ دیوار آپ کے باتھ روم کی ہیئت ہی بدل کر رکھ دے گی اور ہر بار آپ کی ستائشی نظریںاپنی پسند کی داد دیے بنا نہ رہ سکیںگی۔

اسٹڈی ایریافلورنگ اور ونڈو

گلاس ٹائل کا زیادہ تر استعمال ورکنگ ایریا کے لیے مخصوص ہے۔ اسٹڈی روم کی تعمیر کرواتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ یہاںروشنی اور ہوا کا احساس عام کمروں کی نسبت زیادہ محسوس ہو۔ اس کمرے کی کشادگی بڑھانے اور اسے مزید روشن بنانے کی خاطر اس کے فرش کے لیے گلاس ٹائلز کا انتخاب ضروری ہے۔ گلاس ٹائل سے بنا فرش کرسٹل ٹچ دیتا ہے، جس کے سبب کمرے میں داخلے ہونے سے قبل یہ آپ کے مہمانوں یا آپ کے لیے چونکنے کا سبب بن سکتا ہے۔ اسٹڈی روم فلورنگ کے علاوہ اسٹڈی ٹیبل وال کے لیے بھی گلاس ٹائل لگانے کا ٹرینڈخاصا مقبول ہے ۔

کچن بیک اسپلیش

کیبنٹ کی عقبی دیوار ( کچن بیک اسپلیش ) کچن کی خاص دیوارتسلیم کی جاتی ہے، جس کی سجاوٹ کے دوران عموماً گھروں میں غلطی کی جاتی ہے۔ اسے سادہ اور معمولی سمجھنے کے بجائے اس کی سجاوٹ اور خوبصورتی پر بھی خاص دھیان دیجیے۔ اس دیوار کے لیے مبہم رنگ کے گلاس ٹائلز کا انتخاب کیاجاسکتا ہے۔

اگر پوری دیوار پر گلاس ٹائل کا استعمال آپ کے بجٹ سے باہر ہو تو صرف کیبنٹ کا نچلا حصہ بھی گلاس ٹائل کے ذریعے آپ کے کچن کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے کافی ہے ( یہ ڈیزائن عام طور پر جزیرہ نما ڈیزائن پر بنےکچن میں اپنایاجاتا ہے)۔ یہی نہیں کچن ونڈو کے طور پر بھی گلاس ٹائل کا استعمال اکثرگھروں میں عام ہے۔

فلورنگ ٹچ

گھر کے کسی بھی کمرے کے لیے مکمل طور پر گلاس فلورنگ آئیڈیا یقیناً آپ کے بجٹ سے باہر جاسکتا ہے،چنانچہ مکمل فلورنگ کروانے کے بجائے گلاس فلورنگ ٹچ اپنائیں۔ گلاس فلورنگ ٹچ لیے کسی بھی اسٹائل اور قسم کے ماربل کا انتخاب کرتے ہوئے فرش کے مرکز یا کسی خاص سمت کاا نتخاب کرتے ہوئےگلاس ٹائل نصب کیے جاتے ہیں۔

یہ ٹائلز نہ صرف آپ کے گھر کوعالیشان طرز فراہم کریں گے بلکہ اس کی کشادگی میں بھی اضافہ کریں گے۔ انٹیریئر ماہرین کی رائے کے مطابق فرش کے لیے گلاس ٹائل استعمال کرنے کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ ان کے ذریعے کمرہ یا گھر کا کوئی حصہ بھی زیادہ کشادہ اور روشن محسوس ہوتا ہے۔

سجاوٹی دیوار

گھر کی کسی بھی سادہ سی دیوار پر اگر جیومیٹریکل طرز کے ایک یا دو شیشے نصب کردیئے جائیں تو اس سےبہتر سجاوٹی سامان کوئی نہیں ہوسکتا۔ آپ بھی اس بات سے اتفاق رکھتے ہوں گے، تاہم اگر ایک سیکنڈکے لیے گلاس ٹائل وال کا ہی تصور کرلیا جائے تو ہمیں امید ہے کہ یہ تصور آپ کے انتخاب کا سبب بن جائےگا۔

سجاوٹی دیوار اور اس سے متعلق نت نئے ڈیزائن اور اسٹائل کا ذکر ہم کئی تحریروں میں کرچکے ہیں، آپ کسی بھی کمرے کو اگر دو پورشن میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں یا لیونگ رو م کے لیے مرکزی دیوار منتخب کرنے سے متعلق سوچ بچار میں مصروف ہیں تو مرکزی رخ پر گلاس ٹائل کا استعمال کیجیے۔مکمل دیوار نہ سہی مگر کسی بھی اسٹائل کے تحت اس دیوار پر گلاس ٹائل استعمال کرکے تعریفی کلمات وصول کیے جاسکتے ہیں۔