خم دار دروازے.... منفرد بھی، دلکش بھی

November 24, 2019

معروف سائنسی جرنل ،پی این اے ایس (PNAS) میں شائع شدہ تحقیق Straight lines versus curved lines(سیدھی لائنز بمقابلہ خم دار لائنز) میں حصہ لینے والے افرادنے ایسے کمروں (جہاں سیدھی لائنز اور سیدھے دروازے تھے) کے بجائے ان کمروں (جہاں مختلف طریقوں کے ذریعے خم دار لائنوں کا اضافہ کیا گیاتھا ) کو زیادہ خوبصورت تسلیم کیا۔

تحقیقی نتائج میں وضاحت کی گئی ہے کہ سیدھی اور براہ راست لائنز ایک مقصد کی وضاحت کرتی ہیں جو کہ عام سے عام اور چھوٹے سے چھوٹے گھروں کا انتخاب بنتی ہیں لیکن اس کے برعکس خم دار یا محراب نما لائنز گھر میں خوبصورتی، دلکشی اور دلچسپی پیدا کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان دنوں خم دار لکڑی (Arched Wood)سے بنائے گئے دروازے اور کھڑکیاں ٹرینڈ کا حصہ ہیں۔ اگر آپ بھی اپنے گھرمیں خم دار لکڑی سے بنائے گئے دروازوں کو نصب کرنے سے متعلق سوچ رہے ہیں توگھر کے درج ذیل حصوں میں ان کا اضافہ سود مند ثابت ہوگا۔

داخلی راہداری

چارٹرڈ آرکیٹیکٹ مائیکل شائینک کے مطابق مکینوں کے لیے روایتی گھر کو جدید گھر میں تبدیل کرنے، مہمانوں کا خوش کن استقبال کرنے اور گھر کے دیگر حصوں کے برعکس داخلی راہداری کو ممتاز کرنے کے لیے خم دار لکڑی سے بنوائے گئے دروازے بہترین انتخاب تسلیم کیے جاتے ہیں۔

تاہم مائیکل کے مطابق، محراب نما یا خم دار دروازوں کا یہ ٹرینڈ ہر قسم کے دروازوں اور کھڑکیوں پر نہیں جچتا۔ وہ اس کی وضاحت کرتے ہیں کہ جدید خصوصیات کے باعث خم دار لکڑی سے بنائے گئے دروازے گھر کے کچھ حصوں کے لیے غیر ضروری سمجھے جاتے ہیں۔ بیرونی حصے کے لیے بنوائے گئے خم دار ڈیزائن کے دروازے پوری عمارت کو دلکش بنانےکے لیے اہم سمجھے جاتے ہیں۔

کنٹراسٹ کیلئے

خم دار ڈیزائن والے دروازوں کا استعمال مختلف طریقوں کے تحت کیا جاتا ہے۔ یہ لازمی نہیں کہ آپ گھر کے ہر حصے کے لیے خم دار لکڑی سے بنے دروازوں کا انتخاب کریں۔ اس کے برعکس آپ گھر کی دیواروں، پلرز، فائر پلیس اور چھت کے لیے خم دار (arched) ڈیزائن منتخب کرسکتے ہیں۔

اس مقصد کے تحت پلرز ایک سیدھ کے بجائے خم دار انداز میں سیمنٹ یا دیگر مواد کے ذریعے تعمیر کروائے جاتے ہیں۔ لیکن اس صورت میں ایک بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ خم دار پلرز، چھت یا دروازوں کے لیے ہمیشہ اسکوائر شیپ فرنیچر منتخب کیا جائے۔

پیٹرن کے طور پر

چونکہ ان دنو ں فورسیلنگ ٹرینڈ کا حصہ ہیں، لہٰذا اس کے لیےبھی خم دار ڈیزائن منتخب کیا جاسکتا ہے۔اس ڈیزائن میں بآسانی خوبصورت اور جدید لائٹنگ نصب کی جاسکتی ہیں، جو کمرے کو ایک منفرد انداز دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ دروازے کے بیرونی رُخ بارڈر لائن کی تخلیق کے ذریعے ایک بہترین نمونہ (pattern)بھی تیار کیاجاسکتا ہے۔

یہ بارڈر عموما ًلکڑی سے تیار کیےگئےخم دار دروازے سے کم ازکم 3انچ بڑا اور بیرونی رُخ بنوایا جاتا ہے۔ اس بارڈر کو دروازوں ہی نہیں بلکہ گھر کے ان حصوں میں بھی بنوایا جاسکتا ہے، جنہیں علیحدہ رکھنا مقصود ہوتا ہے۔

میڈیٹیرین ٹچ

آرکیٹیکچر آف سان فرانسسکو کے ڈائریکٹر جان لمس کے مطابق، دنیا بھر میں ساحل سمندر پر بنائے گئے گھر فطری حسن اور حسین مناظر کے باعث بے پناہ کشش کے حامل سمجھے جاتے ہیں۔ گھروں کو میڈیٹیرین ٹچ، اسپینش ولاز اوراٹالین ہوم اسٹائل جیسا لُک دینے کے لیے بھی خم دار دروازے (Arched Door) موزوں سمجھے جاتے ہیں۔

جان لمس کے مطابق اگر مکان کی تعمیر کے دوران آپ کے پاس کوئی خاص اسٹائل یا ڈیزائن نہیں ہے تو اس صورت میں آپ خم دار لکڑی سے بنوائے گئے دروازوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ لاؤنج کے لیے فروسٹڈ شیشوں کے ہمراہ خم دار لکڑی کےفریم میں جڑے دروازوں کا انتخاب کیجیے۔ گھر میں میڈیٹیرین ٹچ کے لیے ایسے شیشوں اور آرچڈ ڈیزائن کا انتخاب بہترین رہے گا۔

روایت سے جدت میں تبدیلی

اگر آپ کے گھر کا ڈائننگ روم یا لیونگ روم عام اور روایتی سا ہے تو اس میں جدت لانے کےلیے بھی خم دار لکڑی سے بنے دروازے منتخب کیے جاسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، آپ کا ڈائننگ ایریاجو کچن سے یا پھر لیونگ روم میں کھلتا ہے، اس حصے میں خوبصورت پلرز کے ساتھ خم دار بارڈر بنوایا جاسکتا ہے۔ اس بارڈر کے ذریعے ایک طرف آپ اس حصے کو گھر کے دیگر کمروں سے علیحدہ کرپائیں گے تو دوسری جانب یہ حصہ آپ کے گھر کی خوبصورتی میں مزید اضافے کا سبب بنے گا۔