بٹیر.... لذت، غذائیت اور توانائی بھی

December 07, 2019

بٹیر کا گوشت بھی باقی گوشت کی طرح بہت پسند کیا جاتا ہے۔یہ ایک پرندہ ہے جسکا گوشت نہایت لذیذ ہوتا ہے۔ بٹیرکا شکار ازل سے ہوتا آرہا ہے۔تاہم بیسویں صدی میں ایک فرانسیسی کُک نے اس پرندےکو اپنے پکوانوں کی وجہ سے بہت مشہورکردیا تھا۔ بٹیر کے گوشت کے ساتھ بٹیرکا انڈا بھی بہت مشہور ہے۔

بٹیر کا انڈا دوسرے انڈوں کے مقابلے میں چھوٹا نظر آتا ہے۔یہ مرغی کے انڈے کےایک چوتھائی سائز کا ہوتا ہے۔ مگر افادیت میں دونوں برابر ہوتے ہیں۔بٹیرکا انڈا تقریباً پوری دنیا میں کھا یا جا تا ہے۔

فرانس میں اسے ہلکا بوائل کر کےبوائلڈآلو کےساتھ فرائی کیا جاتا ہےاور پھر پنیر کے ساتھ فرائی کرکےکھایاجاتا ہے۔ایک ریسرچ کے مطابق بٹیر کا گوشت اور انڈےذہنی دباؤ اورتھکاوٹ کو دور کرتے ہیں۔بٹیرکےانڈے بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے بہت مفید ہیں۔ بٹیر کا گوشت اپنے ذائقہ اور افادیت کی وجہ سے بہت زیادہ کھایا جانے لگا ہے ۔ایک بٹیرکے اندر 1.17 پروٹین پایا جاتا ہے۔

فرانسیسی پکوانوں میں بٹیر کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے اسے عام بٹیر کے نام سے جا ناجا تا ہے ۔جبکہ انہیں جاپانی بٹیراورایشیائی بٹیر بھی کہا جاتا ہے۔ ہمارے ہاں پاکستان میں بھی بٹیر کے بنے پکوان بہت شوق سے کھائے جاتے ہیں ۔بٹیر کے پکوان دعوتوں اور مختلف تقریبات کے ساتھ ساتھ روزمرہ کے کھانوں کا حصہ بن چکے ہیں۔ بٹیر سے بنے چند لذیذ پکوانوں کی تراکیب ملاحظہ کریں۔

تیکھا بٹیر

اجزاء۔

بٹیر۔6عدد

دہی (پھینٹی ہوئی)۔250گرام

پسی ہوئی لال مرچ۔ایک کھانے کا چمچ

پسی ہوئی ہری مرچ۔3کھانے کے چمچ

پسا ہوا لہسن ادرک۔2کھانے کے چمچ

ہرا دھنیا۔4/1 گڈی

ثابت سفید زیرہ۔ایک کھانے کا چمچ

پسی ہوئی ہلدی۔ایک چائے کا چمچ

چاٹ مصالحہ۔ایک کھانے کا چمچ

پانی ۔ایک پیالی

نمک۔حسبِ ذائقہ

تیل۔حسبِ ضرورت

ترکیب۔

دیگچی میں تیل گرم کر کے لہسن اور ادرک سنہری کریں۔پھر بٹیر شامل کر دیں۔5منٹ بھوننے کے بعد اس میں باقی تمام مصالحے شامل کریںاور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔جب پانی تیز ہوجائے تو چولہا تیزکر کے بھون لیںاور مزیدارگرم گرم بٹیر پلیٹ میں رکھ کر سرو کریں۔

فرائیڈ بٹیر

اجزاء۔

بٹیر۔ چھ سے آٹھ عدد

سرکہ۔ آدھا کپ

ہرا دھنیا۔ آدھی گٹھی

ہری مرچ ۔دو سے تین عدد

پودینہ ۔آدھی گٹھی

لال مرچ ۔دو کھانے کے چمچ( ﴿پسی ہوئی)

تیل۔حسبِ ضرورت

ترکیب

بٹیروں کو صاف کرکے سرکہ لگائیں اور ایک طرف رکھ دیں۔

پھر ہرا دھنیا، پودینہ اور ہری مرچ کا پیسٹ بنا لیں۔

اس کے بعد ایک مکسنگ باؤل میں ہرا پیسٹ، لال مرچ، کالی مرچ، پسا دھنیا، ادرک لہسن کا پیسٹ، بیسن اور زردے کا رنگ شامل کریں اور اچھی طرح مکس کرکے آدھے گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔

اب ایک پین میں تیل گرم کرکے اس میں بٹیروں کو فرائی کرکے ٹشو پیپر پر نکالتے جائیں، تاکہ اُن کا سارا تیل خشک ہو جائے۔

تیار ہونے پر انھیں ڈش میں نکال کر گرم گرم سرو کریں۔

بٹیر کا سوپ

اجزاء۔

چاول۔ نصف چھٹانک

بٹیر کا گوشت۔ ایک پاؤ

نمک۔ ایک چمچ چائے کا

سیاہ مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

پانی ۔حسب ِضرورت

ترکیب۔

بٹیر ذبح کر کے چار چار ٹکڑے بنا لیں۔ سوس پین میں بٹیر کا گوشت، نمک، سیاہ مرچ، چاول اور ایک ٹکڑا پیاز کا ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب پانی آدھا رہ جائے تو اتار لیں ۔پھر چھان لیں اور گرم گرم سوپ سرو کر یں۔

بٹیر کا شوربہ

اجزاء۔

بٹیر۔6عدد

لہسن(پسا ہوا)۔2 چائے کے چمچ

ادرک(پسا ہوا)۔1 کھانے کا چمچ

تیل۔2/1 کپ

چھوٹی پیاز۔1عدد

درمیانی ٹماٹر۔1عدد

ہلدی۔2/1چائے کا چمچ

نمک۔1چائے کا چمچ

کٹی لال مرچ۔1چائے کاچمچ

ہری مرچ کا پیسٹ۔1کھانے کا چمچ

گرم مصالحہ ۔2چائے کے چمچ

ہرا دھنیا۔2 سے 3 کھانے کے چمچ

ثابت زیرہ۔2/1چاےت کا چمچ

دارچینی ۔1ٹکڑا

ثابت کالی مرچ۔5-6 عدد

لونگ ۔2 عدد

ترکیب۔

پین میں تیل گرم کر کے بٹیر،ادرک،لہسن اور تمام ثابت مصالحے ڈال کر فرائی کرلیں۔

جب بٹیر کا رنگ تبدیل ہوجائے تو پیاز،ٹماٹر، نمک،کٹی لاک مرچ،ہلدی،ہری مرچ کا پیسٹ اور گرم مصالحہ ڈال کر بھون لیں۔جب مصالحہ بھون جائے تو 2-3 کپ پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے رکھ دیں۔شوربہ تیار ہونے پرہرے دھنیے سے گارنش کر کے ڈش آؤٹ کر لیں۔

بٹیر پلاؤ

اجزاء۔

بٹیر8۔عدد

چاول۔ 300 گرام

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ 2 کھانے کے چمچ

پیاز۔ 2عدد

دہی۔ ایک پاؤ

تیز پتے۔3 عدد

لونگ۔ 5عدد

بڑی الائچی۔ 4عدد

دار چینی۔ 2اسٹک

ثابت زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

ثابت کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

کُٹی کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

پسی لال مرچ۔2کھانے کے چمچ

ثابت دھنیا۔2/1چائے کا چمچ

چکن کیوب1 عدد

ہری مرچ۔3 ۔2عدد

ہرا دھنیا ۔ 2/1گٹھی

زردے کارنگ۔ ایک چٹکی

تیل۔2/1کپ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ترکیب۔

بٹیروں کو صاف کرکے دہی لگا کر ایک طرف رکھ دیں۔پھر انہیں دھو لیں۔

ایک پین میں تیل گرم کرکے پیاز براؤن کرلیں اور آدھی پیاز نکال کر ایک طرف رکھ دیں۔اب اس تیل میں تیز پتے، لونگ ، بڑی الائچی،دارچینی، ثابت زیرہ اور ثابت کالی مرچ ڈال کر کڑ کڑا لیں۔ پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے بھونیں اور بٹیر شامل کریں۔اب اس میں کٹی کالی مرچ،پسی لال مرچ، ثابت دھنیا پاؤڈر، چکن کیوب، ہری مرچ، پودینہ، ہرا دھنیا اور نمک ڈال کر بھون لیں۔ پھر چکن کیوب اور حسبِ ضرورت پانی ڈال کر اتنا پکائیں کہ یخنی بن جائے۔ پھراس میں چاول شامل کرکے مکس کریں اور پکائیں۔جب چاول تیار ہوجائیں تو دم لگاتے وقت آدھی بچی ہوئی پیاز اور زردے کا رنگ ڈال کر دم دے دیں۔آخر میں اسے ڈش میں نکال کر سرو کریں۔

چلی گارلک بٹیر

اجزاء۔

بٹیر۔ چھ عدد

پیاز ۔ایک عدد ﴿درمیانی

شملہ مرچ ۔ایک عدد

ہری پیاز۔ ایک عدد

ہری مرچ۔ تین سے چار عدد

ہرا دھنیا۔ دو کھانے کے چمچ( ﴿باریک کٹا ہوا)

تیل ۔تین کھانے کے چمچ

ادرک لہسن کا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ

کڑی پتے ۔چند عدد

لہسن کا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ

چلی گارلک سوس۔ دو کھانے کے چمچ

ٹومیٹو کیچپ۔ دو کھانے کے چمچ

اوویسٹر سوس۔ دو کھانے کے چمچ

نمک ۔حسب ذائقہ

ترکیب۔

پہلے پیاز، شملہ مرچ، ہری پیاز، ہری مرچ اور ہرادھنیا اچھی طرح سے باریک کاٹ کر ایک طرف رکھ دیں۔

اب کڑاہی میں تیل گرم کرکے ادرک لہسن کا پیسٹ، کڑی پتے، لہسن کا پیسٹ اور بٹیر شامل کرکے اتنا فرائی کریں کہ بٹیر کا رنگ سنہری ہوجائے۔

اس کے بعد تمام باریک کٹی سبزیاں شامل کر کے ایک سے دو منٹ تک مزید پکائیں۔

پھر اس میں چلی گارلک سوس، ٹومیٹو کیچپ، اوویسٹر سوس اور نمک شامل کر دیں۔

ایک سے دو منٹ تک مزید مکس کریں۔

اب ذائقہ دار چلی گارلک بٹیر سرو کرنے کے لیےتیارہے۔

تندوری بٹیر

اجزاء۔

بٹیر۔8 عدد

نمک۔حسبِ ذائقہ

سرکہ ۔4 چمچ

ادرک کا پیسٹ۔4 چمچ

لہسن ک پیسٹ۔4 چمچ

دہی۔2 چمچ

لال مرچ۔2 چمچ

گرم مصالحہ۔4 چمچ

زیرہ۔1 چمچ

جائفل۔1 چمچ

مکھن ۔3 چمچ

ترکیب۔

بٹیروں کو صاف کرکےان پر لیموں، ادرک ، لہسن کا پیسٹ اور نمک لگائیں اور30منٹ کے لیے ایک طرف رکھ دیں۔

پھر اس میں دہی،لال مرچ پاؤڈر، زیرہ، جائفل،ہلدی پاؤڈر اور گرم مصالحہ ملائیں۔

بٹیر کو اس مکسچر کے ساتھ مکس کریں اور2گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

بٹیر کو سیخوں پر لگائیں اور گرم تندور میں3سے 5 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

روسٹ ہونے پر سیخوں سے نکال کر پلیٹ میں رکھ کر سرو کریں۔