پاکستان میں صرف پانچ ہزار افراد کو ڈائیلاسز کی سہولت ہے، سیمینار

March 10, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ورلڈ کڈنی ڈے پرگردوں کے امراض سے بچاؤ کیلئے ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب کی صدارت میں المصطفیٰ میڈیکل سینٹر گلشن اقبال میں پبلک آگہی سیمینارمنعقد ہوا۔جس میں پروفیسر ڈاکٹر خرم دانیال،پروفیسر عبدالمنان جونیجو،ڈاکٹرعبید احمد ہاشمی،ڈاکٹر ناصر صغیر نے گردوں کے امراض میں اضافہ کی وجوہات اور ان سے بچنے کی تدابیر کے حوالے سے لیکچردیئے۔جبکہ سیمینارسے عبدالغفارسعیدی اور معین احمدنے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹرزکا کہنا تھاکہ پاکستان میںہر سال گردے خراب ہونے کے تقریباًبارہ ہزارسے زائد کیسزرپورٹ ہوتے ہیںجبکہ پاکستان میں صرف 5ہزار افرادکو ڈائیلاسس فراہم کرنے کی سہولت موجودہے۔ڈائیلاسس ایک انتہائی مہنگااور مشکل علاج ہے۔دوسراعلاج ٹرانسپلانٹ کا ہے جو مزید مہنگااور مشکل ہے۔ڈاکٹر زنے کہاکہ گردے خراب ہونے کی دوبڑی وجوہات ہائی بلڈپریشر اورشوگر کا کنٹرول نہ ہوناہے اور اگر دونوں کو کنٹرول کر لیا جائے تو 80فیصد امکان ہے کہ گردے کے امراض سے بچا جاسکتاہے۔شوگراور بلڈپریشر کے مریض باقاعدگی سے یورین میں انسولین اور پروٹین کو چیک کرتے رہیں ۔