کراچی ریجن، 1447 پرائمری اور جونیئر اسکول ٹیچرز کی ترقی

March 11, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی ریجن میں پرائمری اور جونئیر اسکول ٹیچرزکو ہائی اسکول ٹیچرز کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی ہدایات پر ڈائریکٹریٹ آف اسکولز ایلیمنٹری، سیکینڈری اور ہائیرسیکنڈری کراچی نے ، جانچ پڑتال اور محکمہ جاتی ترقی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں1447 پرائمری اور جونیئر اسکول ٹیچرز کی نچلے گریڈ سے ہائی اسکول ٹیچرز گریڈ16 میں ترقی کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ اس حوالے سے ضلع شرقی سے305 ضلع غربی 229 ضلع جنوبی 268 ضلع وسطی 519 ضلع ملیر 83اور ضلع کورنگی سے43 اساتذہ کو پروموشن کوٹہ کے مطابق ترقی دی گئی۔ گسٹا کراچی ڈویژن اور اساتذہ کرام نےوزیر تعلیم سعید غنی، سیکریٹری تعلیم خالد حیدر شاہ، ڈائریکٹر ز اسکولز حامد کریم ، سلیم اعوان اور دیگر ضلعی افسران و ممبران ترقی کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جلد تعیناتی کے حکم نامے جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔ تعیناتی پالیسی کےمطابق ان اسکولوں میں کی جائے گی جہاں اساتذہ کی قلت ہے۔ اس حوالے سے ضلعی افسران سے سفارشات مانگ لی گئی ہیں۔