چین میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ

March 27, 2020

چین نے کورونا وائرس پر قابو پالیا، لیکن حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے آبادی والے ملک کے شہر ووہان میں یہ وائرس ایک مرتبہ پھر پھیل سکتا ہے۔

غیر ملکی ٹیبلائیڈ کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبے ہیوبی اور اس کے دارالحکومت ووہان میں میں کورونا وائرس کو قابو کر لیا گیا ہے اور اسے اب انتہائی خطرناک سے متوسط خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

تاہم ہیوبی حکومت کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ اس صوبے میں وبا پر قابو پالیا گیا ہے لیکن یہ وبا آس پاس کے علاقوں میں پھیل سکتی ہے۔

چینی حکام آئندہ ماہ آٹھ اپریل کو ووہان سے مکمل پابندی اٹھائیں گے، ہیوبی کے دیگر علاقوں میں لوگوں کو صوبے سے باہر جانے کی اور اندر آنے کی اجازت دے دی گئی۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایسے افراد جن میں اب تک کورونا وائرس کی کوئی علامات سامنے نہیں آسکیں ان میں بعد میں اس وائرس کی علامات سامنے آئیں تو وائرس خاموشی کے ساتھ دوبارہ پھیل سکتا ہے۔

ووہان کے محکمہ صحت کے مطابق 18 مارچ سے اب تک صرف ایک ہی کیس سامنے آیا ہے، اور وہ مریض خود ڈاکٹر ہیں، تاہم پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اسے یہ وائرس کس طرح لگا۔

اس کے علاوہ پورے ہیوبی صوبے سے گزشتہ 22 روز سے ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ چینی شہر ووہان سے نکلنے والے اس وائرس نے جہاں پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے وہیں اس کی وجہ سے خود ہیوبی میں ہی 3 ہزار 174 لوگ ہلاک ہوئے جبکہ 67 ہزار 8 سو لوگ متاثر ہوئے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں 25 ہزار سے زائد لوگ اس وائرس کی وجہ سے مارے جاچکے ہیں جبکہ 5 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں۔