بلال اشرف پر بھی ’ارطغرل غازی‘ کا جادو چل گیا

May 11, 2020

فلم انڈسٹری کے معروف اداکار و ماڈل بلال اشرف نے اسلامی تاریخ کی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترکش سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کی تعریف کرتے ہوئے اپنا پیغام جاری کردیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پربلال اشرف نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ارطغرل غازی ایک شاندار تُرک سیریز ہے جس کی کہانی اور پروڈکشن دونوں ہی بہت زبردست ہیں۔‘

ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں بلال اشرف نے کہا کہ ’مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ دُنیا بھر میں مقبول اِس تُرک سیریز کو پاکستان کے مقامی سامعین کے لیے بھی سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔‘

اداکار نے تُرک فن کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’فلم اور ڈراما دونوں ہی فن کی ایک قسم ہیں اور ہمیں اِس چیز کی پرواہ کیے بغیر کہ یہ فن کسی ملک کا ہے اس کو سراہنے کی ضرورت ہے کیونکہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔‘

آخر میں اُنہوں نے اپنے مداحوں سے اِس بارے میں اُن کے خیالات بھی دریافت کیے۔

دوسری جانب معروف اداکار اسد صدیقی نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں ’ارطغرل غازی‘ اور اس کا سیکویل ’کرلوس عثمان‘ جیسے پروجیکٹس میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

ٹوئٹر پیغام میں اسد صدیقی نے لکھا کہ ’مجھے اِس طرح کے پروجیکٹس میں کام کرکے بہت خوشی ہوگی جس کے ذریعے مسلم دُنیا کی تاریخ کے ساتھ اسلامی تعلیمات بھی دُنیا تک پہنچائی جارہی ہیں۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’یہ سیریز 2018 سے اب تک دُنیا بھر میں دیکھی جارہی ہے۔‘

اِس سے قبل حمزہ علی عباسی نے گیٹار پر ’ارطغرل غازی‘ کے ساؤنڈ ٹریک کی دُھن بجا کر اس تُرک سیریز کے لیے اپنی پسندیدگی ظاہر کی تھی۔

یاد رہے کہ اِس تُرک سیریز کا مرکزی کردار ’ارطغرل‘ ہے جو قائی قبیلے کے سردار ’سلیمان شاہ‘ کا بیٹا اور سلطنت عثمانیہ کے بانی’عثمان اول‘ کے والد ہیں۔

’دیرلیش ارطغرل‘ میں دِکھایا گیا ہے کہ کس طرح بہادر جنگجو ’ارطغرل‘ اللّہ تعالیٰ پر اپنے یقین اور اپنی طاقت سے اسلامی فتوحات حاصل کرنے میں کامیاب ہوتا ہے۔

دُنیا بھر میں پذیرائی حاصل کرنے والی تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کو پاکستان بھر میں بھی خوب مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ’دیرلیش ارطغرل‘ کو اُردو زبان میں ڈب کرکے ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔