میکسیکن جوڑے نے ترکی کے مشہور تاریخی ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں اسلام سے متعلق دکھائے جانے والے حقائق سے متاثر ہوکر دین اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔
غیر مسلم جوڑے نے ارطغرل ڈرامے میں عبدالرحمٰن ایلب کا کردار ادا کرنے والے اداکار جلال آل کی تقریر سن کر اسلامی تاریخ پڑھنے، عثمانیہ سلطنت کے بارے میں جاننے اور ثقافت سمجھنے کے لیے ڈرامہ دیکھا۔
اسلام قبول کرنے والے جوڑے کا کہنا تھا کہ ڈرامہ ارطغرل دیکھنے کا موقع ملا اور اسی دوران اللّہ کی وحدانیت اور اس کے رسولﷺ کی حقیقت کا یقین ہوگیا تھا۔
نو مسلم جوڑے نے لاس اینجلس میں دو روز قبل ہونے والے مسلم امریکن سوسائٹی کے 22 ویں اجلاس میں اداکار جلال سے ملاقات بھی کی اور اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر عبدالرحمان ایلب نے جوڑے کو اسپین اور انگریزی زبان کے ترجمے والے قرآن مجید کا تحفہ پیش کیا جسے انہوں نے بخوشی قبول کیا اور ساتھ میں شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ مذکورہ تاریخی ڈرامہ ناصرف وزیر اعظم عمران خان بلکہ کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی کا بھی پسندیدہ ہے۔
انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار بھی کیا تھا کہ ارطغرل اردو میں ڈب ہو تاکہ ہمارے لوگوں کو مسلمانوں کی تاریخ کا پتہ چلے۔
چند روز قبل عمران خان نے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک پر اس ڈرامے کو نشر کرنے ہدایت جاری کی تھی جس کے بعد ڈرامے کی اردو زبان میں ڈبنگ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان کی’ارطغرل غازی‘کوسرکاری ٹی وی پر نشر کرنے کی ہدایت
عرب نیوز کے مطابق یہ ترکش ڈرامہ جلد ہی اردو زبان میں ڈب ہونے کے بعد پاکستان کے سرکاری چینل پی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔
ارطغرل غازی کی کہانی:
تاریخی ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کے پانچ سیزن ہیں جس کی کُل اقساط کی تعداد ایک سو ستاون ہے۔ ہر قسط کا دورانیہ دو گھنٹے ہے۔
ارطغرل اپنے پلاٹ ، اپنی پروڈکشن اور اداکاری کے اعتبار سے بلاشبہ ایک شاہکار ہے۔ ’ارطغرل‘ ترکی کے خانہ بدوش قبیلے ’قائی‘ کی کہانی ہے۔
ڈرامے کی مقبولیت:
اس ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ ٹی آر ٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ابراہیم ایرن کے مطابق یہ ڈرامہ 60 سے زائد ممالک میں ٹی وی چینلز پر دکھایا جا رہا ہے۔
اب تک دنیا کے 78ممالک میں یہ سیریز دیکھی جا رہی ہے جس میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے۔