کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف کی گرفتاری کیخلاف جمعرات کو جنگ ایمپلائز یونین کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا ، مظاہرے کے شرکاء نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جنگ ایمپلائر یونین (سی بی اے) کے صدر حماد اللہ سیاپاد رند نے کہا کہ حکومت میر شکیل الرحمٰن کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اقدامات کو کسی بھی رنگ میں پیش کرے عوام اس کے عزائم سے اچھی طرح واقف ہیں ،حکومت صرف اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے اس کی طرح کی حرکتیں کررہی ہے انہوں نے کہاکہ حکومت بتائے کہ اس کے ایک کروڑ نوکریوں ، پچاس لاکھ گھروں کے دعوے کیا ہوئے ، آٹا ، چینی بحران کے ذمہ داروں کے حوالے سے حکومت کے معیار کیوں بدل گئے پی ٹی آئی نے اقتدار میں آنے سے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائے گی مگر عملی طور پر معاشی حوالے سے آج پاکستان بدترین حالات سے گزر رہا ہے ، جب حکومت کی اس طرح کی ناکامیوں سے پردہ ہٹایا جاتا ہے تو اس پر انتقامی کارروائیاں شروع کی جاتی ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ میر شکیل الرحمٰن کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔