بورڈ کا سوالنامہ مل گیا، عید کے بعد جواب دوں گا، سلیم ملک

May 22, 2020


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک کو پی سی بی کی جانب سے سوالنامہ موصول ہوگیا ، سابق کپتان وکیلوں کی مدد سے عید کے بعد جواب جمع کرائیں گے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سابق کپتان سلیم ملک کو کئی صفحات پر مشتمل سوالنامہ موصول ہوگیا ہے جس میں ان سے میچ فکسنگ اور سٹہ بازوں سے ملاقات کے حوالے سے سوالات کئے گئے ہیں ۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سلیم ملک نے سوالنامہ موصول ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ وکیلوں کی مدد سے جواب تیار کر رہے ہیں اور عید کے بعد جواب پی سی بی میں جمع کرادیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کئی سال خاموش رہے لیکن اب وقت آگیا ہے ہر سوال کا جواب دوں گا، اب خاموش رہنے کی غلطی نہیں کرونگا۔

سلیم ملک کاکہنا تھا کہ جب وہ جواب جمع کرائیں گے تو جواب اور سوالات میڈیا کے سامنے بھی رکھیں گے۔