سوات سمیت کےپی، کے تمام تفریحی مقامات اور پارکس بند

May 25, 2020

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت نے سوات سمیت صوبے کے تمام تفریحی مقامات اور پارکس بند کئے ہیں جس کے باعث شہریوں کی عیدپھیکی پڑ گئی ہے۔

خوبصورت وادیوں کی سرزمین وادی سوات ، جہاں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں سیاح اس حسین وادی کا رخ کرتے ہیں، عید کے موقع پر یہاں کے پارکس اور تفریحی مقامات کچھا کچھ بھرجاتے ہیں، تاہم اس سال کورونا وائرس کے خطرے کے باعث صوبائی حکومت نے تفریحی مقامات اور پارکس بند کر دیئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سوات میں عید کا مزہ بالکل نہیں ہے،پارکس ، سب مارکیٹیں اور دکانیں بھی بند ہیں۔

کالام، ملم جبہ، میاندم، مرغزار اور فضاگھٹ پارک سیاحوں کے پسندیدہ مقامات ہیں، جہاں عید کے موقع پر مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کا رش لگا رہتا تھا، تاہم اس سال یہ مقامات ویران و سنسان ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سال عید میں مزہ ہی نہیں ہے، کورونا وائرس کے وجہ سے سب کچھ بند ہے۔

وادی سوات کے بلند و بالا پہاڑ، گھنے جنگلات، اور برفیلی چوٹیاں، کورنا وائرس کے خاتمے اور سیاحوں کی آمد کے منتظر ہیں۔