زندگی میں سہارا دینے والوں کی ہمیشہ قدر کریں، نادیہ جمیل

May 29, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی نامور اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل کا کہنا ہے کہ زندگی میں ہمیشہ سپورٹ کرنے اور سہارا دینے والوں کی قدر کریں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں موذی مرض کینسر کے علاج کے دوران ان کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے پیغامات کی وہ بہت قدر کرتی ہیں ۔انہوں نے اپنے پیغام میں بتایا کہ اس بیماری کے دوران انہیں ایسی کمزوریوں کا سامنا کرنا پڑا جیسا زندگی میں پہلے کبھی نہیں کیا تھا۔نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ اس بیماری سے انہوں نے دو باتیں سیکھی ہیں کہ جو آپ کو سپورٹ کریں اُن کی ہمیشہ قدر کریں اور جو آپ کو چھوٹا، بُرا اور غیر محفوظ محسوس کروائیں، ایسے لوگوں کو اپنی زندگی میں کوئی جگہ نہ دیں۔نادیہ جمیل نے لکھا کہ یہی فیصلے کا وقت ہے۔