لاہور میں کورونا سے متعلق حکومتی رپورٹ تشویشناک ہے، مصطفیٰ نواز کھوکھر

June 02, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ لاہورمیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق حکومت پنجاب کی رپورٹ تشویشناک ہے۔

ایک بیان میں سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ ملک کے دوسرے بڑے شہر کی 6 فیصد آبادی کے کورونا میں مبتلا ہونے کا خدشہ خطرے کی گھنٹی ہے۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی رپورٹ کو دبا کر کون سے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے؟ وزیراعظم کورونا کو نزلہ زکام جبکہ گورنر سندھ لاک ڈاؤن کو فیشن کہتے رہے۔

یہ بھی پڑھیے: ’پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا مریض لاہور میں ہیں‘

چیئرمین پیپلزپارٹی کے ترجمان نے کہا کہ اگر لاہور میں 6 فیصد لوگ متاثر ہونے کا خدشہ ہے تو یہ ہی حال ملک کے دیگر بڑے شہروں کو بھی ہو سکتا ہے، حکومت بتائے کہ کیا وہ کورونا وائرس کے حوالے سے ہرڈ امیونٹی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے؟

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ بیانات سے کورونا ختم ہوتا تو پھر صدر ٹرمپ کی تقاریر سے امریکا کب کا کورونا سے پاک ہو چکا ہوتا، عمران خان حکومت کورونا پر قابو پانے والے ممالک کے بجائے پھیلانے والوں کی پیروی کیوں کر رہی ہے؟