• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا مریض لاہور اور پنڈی میں ہیں، یاسمین راشد

پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا مریض لاہور اور پنڈی میں ہیں، یاسمین راشد


پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے میں سب سے زیادہ کورونا کے مریض لاہور اورراولپنڈی میں ہیں ،پنجاب میں 251 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے،جن میں لاہور میں 119 اور راولپنڈی کے 113مریض ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اب اسپتالوں میں صرف تشویشناک حالت میں مبتلا مریض رکھے جا رہے ہیں ،بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی کمی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں کنٹرول روم بنا ہوا ہے ، اعداد و شمار نہیں چھپائے جارہے، پندرہ دن پہلے لاہور کو مضبوط کردیا ، اب تعداد بہت زیادہ نہیں ۔25 فیصد خواتین اور 75 فیصد مرد کورونا سے متاثر ہیں ۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ احتیاط ہی کورونا وائرس سے بچاو کا واحد ذریعہ ہے ، ہمیں ماسک سے منہ اور ناک ڈھانپ کر رکھنا ہے۔

پنجاب میں کورونا کے مزید ایک ہزار 184 کیسز

پنجاب میں کورونا کے مزید ایک ہزار 184 کیسز سامنے آگئے جبکہ 22 اموات کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 497 ہو گئی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 39 ہزار 173 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

لاہور میں مزید 727 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد پنجاب میں کورونا کے کنفرم کیسز کی تعداد 26 ہزار 240 ہو گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں 77، گوجرانوالہ میں 74، سیالکوٹ میں 47، ملتان میں 73 اور مظفر گڑھ میں 36 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ پنجاب میں اب تک 6 ہزار 124 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین