آپ بچت کرنا چاہتی ہیں؟

June 05, 2020

شبانہ ملک

مہنگائی کے اس دور میں جب ہر چیز مہنگی ہونے کے باعث قوت خرید بری طرح متاثر ہو کر رہ گئی ہے توخواتین کے لئے گھر کا خرچ چلانے کے لئے بچت کے بغیر گزارہ کرنا مشکل کام ہے ۔حالاں کہ بچت کی رقم متوقع بلوں کی ادائیگی کے لئے بہت اہم ہوتی ہے۔ آئے روز اشیاء کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کے بعد گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا ہے اور کسی نہ کسی طرح کی گئی بچت مہنگائی کی نظر ہو جاتی ہے یہاں تک کہ گھر میں بھی اگر کوئی بیمار ہو جاتے تو بعض اوقات ڈاکٹر کے پاس جانے اور فیس کی ادائیگی کے لئے قرض کی رقوم پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔

یہ صورتحال کافی تکلیف دہ ہوتی ہے کہ جب انسان اتنا کمانے کے بعد اپنے گھریلو اخراجات ہی پورا کرنے کے قابل نہ ہو ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ماہانہ اخراجات میں سے کچھ نہ کچھ بچت کرے، تاکہ ضرورت کے وقت کام آسکے۔ اگر خواتین بچت کے سنہری اصولوں پر عمل کرنا چاہتی ہے تو ان کو چاہئیے کہ سب سے پہلے ماہانہ بجٹ تشکیل دیں۔ تمام اخراجات کی لسٹ بنائیں۔ اس بات کو اچھی طرح سمجھنا چاہئیے کہ پیسوں کو کب اور کہاں خرچ کرنا چاہئیے، تاکہ بچت کرنے کے مرحلے کا آغاز ہوسکے۔ آج کل موبائل فون پر ایزی لوڈ اور ٹیلیفون پر غیر ضروری اور لمبی لمبی کال کرنا ہمارا معمول بن چکا ہے جو کہ فضول خرچی کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔

فون کا استعمال کم سے کم کریں۔ خواتین کو چاہئیے کہ ایک چھوٹا سا بچت باکس خرید کر اس میں روزانہ دس یا بیس روپے ڈال دیا کریں، تاکہ مہینے کے اختتام پر کچھ پیسے جمع ہو جائیں۔ بہت سی خواتین بچت کے اس طریقے پر عمل کر کے ماہانہ کتنے پیسہ جمع کر سکتی ہیں، کیوں کہ خواتین کو گھریلو اخراجات کے ساتھ ساتھ بعض ایسے اخراجات سے بھی نبرد آزما ہونا پڑتا ہے جو ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتے اس قسم کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے خواتین کو کچھ نہ کچھ پیسے بچا لینے چاہئیں ۔خواتین کے لئے بچت کی عادت اپنانا بہت ضروری ہے۔