• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

​پی آئی اے کا کینیڈا کیلئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

قومی ایئر لائن نے ٹورنٹو کینیڈا کیلئے اپنی تمام پروازیں 13 سے 27 ستمبر تک معطل کر دی ہیں۔ اس کی وجہ طیاروں کی کمی اور فاضل پرزہ جات کی عدم فراہمی بتائی جاتی ہے، اس کے علاوہ پی آئی اے کے ایئرکرافٹ انجینئرز بھی دس سال سے تنخواہیں نہ بڑھنے کے خلاف احتجاج پر ہیں۔ پروازیں منسوخ ہونے پر ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

پی آئی اے ٹورنٹو کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن دو بوئنگ 777 ایل آر طیاروں کے ذریعے آپریٹ کرتی ہے، اس وقت ایک طیارہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کی وجہ سے گراؤنڈ ہے، جبکہ دوسرا طیارہ مینٹیننس کے دوران غیر معیاری جیکس کا استعمال بوئنگ کمپنی کو رپورٹ ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ 

پی آئی اے کی آفیشل دستاویز کے مطابق ٹورنٹو کیلئے 13سے 27 ستمبر تک آپریٹ ہونے والی تمام دو طرفہ 13 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

منسوخ کی جانے والی پروازیں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے آپریٹ ہونا تھیں، پی آئی اے ہر ہفتہ ٹورنٹو کیلئے لاہور سے دو کراچی اور اسلام آباد سے ایک ایک پرواز آپریٹ کرتی ہے۔ 

دوسری جانب پی آئی اے کے ایئرکرافٹ انجینئرز دس سال سے اپنی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کے خلاف تین ہفتوں سے مسلسل احتجاج پر ہیں اور بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اب ایئرکرافٹ انجینئرز نے غیر اعلانیہ گو بائی بک تحریک بھی شروع کر دی ہے اور طیاروں کی مینٹیننس کتاب میں درج ہدایات سے ہٹ کر نہیں کر رہے ہیں، ایئر لائن کو فاضل پرزہ جات کی بھی شدید کمی ہے، ان وجوہات کی وجہ سے پروازوں کیلئے طیارے دستیاب نہیں ہیں۔ 

ذرائع نے بتایا کہ اس بات کا شدید امکان ہے کی پی آئی اے کی ٹورنٹو کیلئے پروازیں 27 ستمبر کے بعد بھی معطل رہیں گی۔

پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے پی آئی اے کا ٹکٹ لینے والے ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، کراچی سے ٹورنٹو کے ایک مسافر نے بتایا کہ اس کی 16 ستمبر کی پرواز اب 7 اکتوبر کو کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی ملازمت پر بروقت نہیں پہنچ سکے گا۔ کراچی سے لاہور کیلئے پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 کا وقت دو دن میں چار مرتبہ تبدیل ہوا اب اس پرواز کا وقت ہفتہ کی صبح 8 بجے بتا گیا ہے۔

اس وقت پی آئی اے کے 12 بوئنگ 777 طیاروں میں سے صرف تین طیارے اور 12 ایئربس اے 320 طیاروں میں سے صرف 8 طیارے قابل پرواز ہیں۔ طیاروں کی کمی کی وجہ سے پی آئی اے کا بین الاقوانی اور اندرون ملک پروازوں کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ اس اسٹوری کیلئے پی آئی اے ترجمان سے رابطہ کیا گیا لیکن وہاں سے کوئی موقف نہیں دیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید