جام شورو کے قریب پہاڑی نالوں سے آنے والے برساتی ریلوں سے تحصیل بولا خان کے کئی علاقے زیرِ آب آگئے، آمد و رفت متاثر، بجلی اور گیس معطل ہوگئی، لوگوں کا مال و اسباب پانی میں ڈوب گیا۔
ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی۔
نوشہرو فیروز کے علاقے کمال ڈیرو کے قریب دریائے سندھ میں ڈوبنے والی کشتی میں سوار 5 سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرلیا گیا۔
لاڑکانہ سیہون بچاؤ بند سے ملحقہ کچے کے علاقے میں بھی سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی، مزید دیہات زیرِ آب آگئے، کوٹری بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آیا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر 14 سے 15 ستمبر کے دوران اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا، متعلقہ حکام کو اقدمات کی ہدایت کردی گئی۔