آڈیٹر جنرل نے قومی ایئرلائن میں 21 کروڑ روپے کی مالی بےضابطگی کی نشاندہی کردی۔
آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ برطانیہ میں غیر فعال اسٹیشن پر 35 ملازمین 5 سال سے تعینات رہے، قومی ایئر لائن کی پروازوں پر پابندی کے باوجود لندن اسٹیشن پر 35 ملازمین برقرار رہے، جس سے قومی خزانے کو صرف تنخواہوں کی مد میں 21 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔
رپورٹ کے مطابق پانچ سال سے لندن اسٹیشن پر کوئی پرواز یا عملی سرگرمی نہیں ہوئی، قومی ایئر لائن انتظامیہ کو ستمبر 2024 میں معاملے کی نشاندہی کی گئی، معاملہ 2024 میں انتظامیہ کو بھیجا گیا مگر جواب نہیں ملا۔
آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا کہ متعدد یاد دہانیوں کے باوجود قومی ایئر لائن انتظامیہ نے ڈی اے سی میٹنگ طلب نہیں کی، قومی ایئر لائن مالی بےصابطگی کے اس معاملے کی فوری تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کا تعین کرے، رولز 2013 کے تحت بورڈ پر ذمہ داری تھی کہ کمپنی کے مفاد میں فیصلے کیے جاتے۔