خوش باش لوگ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، زندگی کا دارومدار اسی پر ہے، میئر لندن

July 13, 2020

لندن (پی اے) لاک ڈائون پابندیوں میں نرمی کے بعد پبس کی جانب سے دوسرے ویک اینڈ کی تیاری کے موقع پر خوش باش لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی اہمیت کو یاد رکھیں۔لندن کے سوہو میں گزشتہ ہفتہ کی شب اولڈ کامپٹن سٹریٹ پر ہجوم کو ’’ آئوٹ آف کنٹرول ‘‘ قرار دیا گیا تھا اور حکام اس ویک اینڈ پر اس طرز کے اجتماع سے بچنے کے خواہش مند ہیں۔ لندن کے میئر صادق خان نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ ’’ محفوظ رہیں ‘‘ اور گھر سے باہر نکلتے وقت فیس ماسک پہنیں۔ اسی کے ساتھ ٹیوٹر پر ایک ویڈیو میں ، جس میں وہ فیس ماسک پہنے ہوئے تھے، انہوں نے لکھا کہ اس ویک اینڈ پر اپی مصروفیات کو انجوائے کریں مگر خود کو محفوظ رکھیں کیونکہ زندگی کا دارومدار اسی پر ہے۔ خود کو محفوظ رکھنے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ اور شاپس میں فیس ماسک پہننا لازمی ہے کیونکہ ان جگہوں پر سماجی فاصلہ کی ہدایت پر عمل کرنا مشکل ہوتا ہے۔ گزشتہ ویک اینڈ پر اولڈ کامپٹن سٹریٹ پر بیشتر افراد فیس ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے اور ایک عینی شاہد نے تخمینہ لگایا کہ سٹریٹ پر دو سے تین ہزار کے درمیان افراد موجود تھے جہاں سوشل ڈسٹنسنگ کی ہدایت پر عمل کرنا بہت مشکل تھا۔ویسٹ منسٹر سٹی کونسل نے کہا ہے کہ ان مقامات پر واضح یاددہانی کرائی جائے گی کہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور ’’ نو سیٹ ، نو سروس‘‘ کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔ بزنس اور پلاننگ پر کابینہ کے رکن ، کونسلر میتھیو گرین نے کہا ہے کہ گزشتہ ویک اینڈ پر ہم نے لندن کے انتہائی ہاسپیٹلٹی ایریا کو کھلے ہوئے دیکھا جہاں شہر کے بار، کیفے ریسٹورنٹ کے نئے معمولات کی ایک محفوظ اور کامیاب مثال دیکھی گئی۔ اسی اثنا میں بعض علاقوں میں لوگوں کا بے ہنگھم ہجوم بھی دیکھا گیا۔ یہ ایسی صورت حال تھی جسے ہم دوبارہ ہوتے نہیں دیکھ سکتے کیونکہ کوویڈ۔19 وبا کے نتائج دیکھتے ہوئے ہمیں پبلک کی سیفٹی کو یقینی بنانا چاہئے۔