پنجاب، منڈیوں سے متعلق 20نکاتی پلان جاری

July 13, 2020

پنجاب، منڈیوں سے متعلق 20نکاتی پلان جاری

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق عیدالضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں گی، بچے ، بوڑھے اور بیمار افراد پر مویشی منڈیاں جانے پر پابندی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے مویشی منڈیوں، نماز عید اور سیکیورٹی سے متعلق 20نکاتی پلان جاری کر دیا جس کے مطابق مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں گی، شہروں کو جانے والے راستے پر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔

20 نکاتی پلان میں یہ شامل کیا گیا ہے کہ ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال یقینی بنایا جائے گا، کالعدم تنظیمیں قربانی کی کھالیں اکٹھی نہیں کر سکیں گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق عید کی نماز فاصلہ رکھ کر کھلے میدان یا مسجد میں ادا کی جا سکیں گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کنٹرول سینٹر (این سی او سی) اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں لگائی جانے والی مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہوں گے۔