عید پر کیا پکائیں؟

August 02, 2020

ہم آپ کو عید الاضحی کے چند مزیدار اور چٹ پٹے پکوان کی تراکیب بتا رہے ہیں ،انہیں بنا کر اپنی دعوت کا مزہ دوبالا کریں۔

کلیجی:

اجزاء: کلیجی آدھا کلو، میدہ ایک کھانے کا چمچہ،تیل ایک سے دو کپ، نمک حسب ذائقہ، لال مرچ پائوڈر ایک چائے کا چمچہ، ہلدی پائوڈر ایک سے دو چائے کےچمچے، دھنیا پائوڈر ایک چائے کا چمچہ،دہی ایک سے دو کپ، ٹماٹو پیسٹ دوکھانے کے چمچے،پیاز ایک کپ (باریک چوپ کر لیں)۔لہسن پیسٹ ۱ یک کھانے کا چمچہ، ادرک کاپیسٹ ایک چائے کا چمچہ، لونگ چار عدد، ثابت سیاد مرچیں چھ عدد، دار چینی ایک درمیانہ ٹکڑا، چھوٹی الائچی تین عدد، پسا ہوا دھنیا ایک سے دو کپ (چوپ کرلیں)۔ہری مرچیںتین عدد، گرم مسالہ پائوڈر ایک سے دو چائے کے چمچے۔

ترکیب: فرائی پین میں تیل گرم کر یں۔کلیجی صاف کر کے میدہ لگائیںاور گرم تیل میں تل لیں ۔تیل گرم کر کے پیاز سرخ تل لیں۔اب ا س میں لونگ، سیاہ مرچیں، دار چینی،الائچی، لہسن، ادرک کاپیسٹ، کلیجی، نمک لال مرچ پائوڈر، ہلدی پائوڈر اور دھنیا پائوڈر ڈال کر بھونیں ، بعد ازاں حسب ِضرورت پانی ڈال کرڈھانپ دیں اور ڈھک کر درمیانی آنچ پر اتنی دیر تک پکائیں کہ کلیجی گل جائے ا س کے بعد دہی، ٹماٹو پیسٹ ملا کر کلیجی میں ڈال کر مزید بھونیں۔ آخر میں ہرا دھنیا ، ہری مرچیں ، گرم مسالہ پائوڈر ڈال کر نان کے ساتھ گرم گرم پیش کریں ۔

باربی کیو مٹن چانپس

اجزاء: مٹن چانپس ایک کلو، تیل ایک کپ، دہی ایک کپ، لیموں کا رس تین سے چار کھانے کے چمچے، کچاپپیتا (پسا ہوا) ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسب ضرورت، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے، پسا ہوا گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچہ، کوئلہ ایک عدد۔

ترکیب: تیل، دہی، لیموں کا رس، پپیتے کا پیسٹ، نمک، پسی لال مرچ، کُٹی لال مرچ، ادرک لہسن کا پیسٹ اور گرم مسالے کو چاپس پر اچھی طرح لگا کر تین چار گھنٹےکے لیے فریج میں رکھ دیں۔پھر ان چاپس کو اسٹیم کر لیں۔آخر میں کوئلے کی دھوانی دیں یا پھر گرل پین پر گرل کر لیں۔ تیار ہونے پر میش آلو کے ساتھ پیش کریں۔

مٹن دہی کڑاہی:

اجزاء: مٹن ایک کلو، دہی ایک پائو، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، تیل ایک کپ، سرخ مرچ(کٹی ہوئی) دو چائے کے چمچے، ہلدی پائوڈر ایک سے دو چائے کے چمچے، نمک حسبِ ذائقہ، دھنیا پائوڈر تین چائے کے چمچے،زیرہ پائوڈر ایک چائے کا چمچہ،ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی) چار عدد، ہرا دھنیا حسب ضرورت۔

ترکیب: کڑاہی میں تیل گرم کرکے گوشت تل لیں۔اس میں سرخ مرچ، نمک، ہلدی اور ہرا دھنیا شامل کردیں،چند منٹ بھوننےکے بعد دہی پھینٹ کر ملائیں ساتھ ہی دھنیا پائوڈر بھی شامل کردیں اوردو گلاس پانی ڈال کر گوشت ڈالیں،پانی خشک ہو جائے گوشت گل جائے تو ہری مرچ اور زیرہ پائوڈر ملا کر پانچ منٹ بھونیں۔ تیل اوپر آنے لگے تو چولہا بندکر دیں۔مزیدار مٹن دہی کڑاہی تیار ہے۔

مٹن بریانی:

اجزاء: مٹن چانپیں ایک کلو، باسمتی چاول ایک کلو ، قیمہ ایک کپ، ٹماٹر چار عدد بلینڈ کیے ہوئے، ابلے ہوئے ٹماٹر چار عدد، پیاز تین عدد، ہری مرچ حسب ذائقہ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ادرک لہسن دو دو کھانے کے چمچے، دہی ایک کپ، کلونجی آدھا چائے کا چمچہ، الائچی دو عدد، دارچینی دو کھانے کے چمچے، گھی ، یخنی اور لیمن کلر حسب ضرورت۔

ترکیب: ایک دیگچی میں گھی گرم کر کے پیاز سنہری تل کر پلیٹ میں نکال لیں۔اب تیل میں آدھے قیمہ میں ادرک، لہسن، زیرہ، الائچی اور دار چینی ڈال کر اچھی طرح فرائی کرلیں، ساتھ ہی دہی اور ٹماٹر شامل کر کےتل لیں، بعدازاں ہری مرچیں،چاول اورپانی ڈال کر ابال آنے دیں۔ ایک دیگچی میں چاول کی تہہ بچھائیں، پھر قیمہ، تلی ہوئی پیاز ، ادرک، لہسن اور نمک ڈال کر تہہ بچھائیں ۔ چانپ پہلے سے اُبال لیں اور گرم گھی میں تل لیں۔اس کی بھی تہہ لگا کر دم دے دیں۔ گرم گرم بریانی تیارہے۔

بیف چلی:

اجزاء: گائے کا گوشت آدھا کلو ، سفید سرکہ دو کھانے کے چمچے، سویا سوس دو کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ، چینی ایک چائے کا چمچہ، کارن فلور ایک کھانے کا چمچہ، کالی مرچ(کُٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچہ ، باربی کیو ساس دوکھانے کے چمچے، ہری مرچ دس عدد (لمبی باریک کٹی ہوئی)، تیل. حسبِ ضرورت

ترکیب: گوشت کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں بنا کر اچھی طرح دھو لیں ۔اس میں ایک کھانے کا چمچہ سفید سرکہ، سویا سوس، نمک، چینی، کارن فلور، کالی مرچ اور باربی کیوسو ساس ملا کر دس سے پندرہ منٹ رکھ دیں۔ اب فرائنگ پین میں ذرا سا تیل ڈال کرچکنا کرلیں۔ مسالہ لگی بوٹیاں دھیمی آنچ پر اتنی دیر رکھیں کہ پانی خشک ہوجائے، پھر گرل پین گرم کرکے اس پر بھی تھوڑا ساتیل لگا کر خشک کی ہوئی بوٹیاں پھیلا دیں اور دھیمی آنچ پر سینک لیں ۔جب دونوں طرف سے اچھی طرح سِک جائیں تو انہیں ڈش میں نکال لیں۔گرم گرم نان کے ساتھ کھائیں ۔

چپلی کباب:

اجزا: قیمہ ایک کلو (باریک پسا ہوا)، مکئی کا آٹا ایک پائو ،پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،ہری مرچ چار عدد سوکھا دھنیا دو چائے کے چمچے (بھون کرموٹا پیس لیں)،سفیدزیرہ ایک چائے کا چمچہ (پسا اور بھنا ہو ا)،ٹماٹر چار عدد ،پیاز ایک عدد ،تیل تلنے کے لیے ،انڈے چار عدد ،ہرا دھنیا ،پودنیہ حسبِ ضرورت، انار دانہ دو کھانے کے چمچے (موٹا پیس لیں)۔

ترکیب: ٹماٹر ،ہری مرچ ،دھنیا اور پودینا باریک کاٹ لیں ۔ مسالہ موٹا موٹا پیس کر سفید زیرے کے ساتھ قیمے میں ملالیں ،ساتھ ہی مکئی کا آٹا اور انڈے پھینٹ کرشامل کردیں ۔اب درمیانے سائز کے کباب بنالیں ۔فرائنگ پین میںتیل گرم کرکے کباب سنہری تل لیں ۔ چپلی کباب تیار ہے ۔چپاتی سے کھائیں۔