لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پرموثر اقدامات جاری

August 07, 2020

راچڈیل (نمائندہ جنگ)مانچسٹر اور شمال مغربی علاقوں میں لاک ڈائون قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف موثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ برطانوی وزراء کی طرف سے ہیلتھ پروٹیکشن ریگولیشنز بل 2020پر دستخط کر دئیے گئے جس کے بعد گریٹر مانچسٹر ‘ مشرقی لنکا شائر ‘ ویسٹ یارکشائر کے بعض حصوں میں دوبارہ پابندیاں لگا دی گئی ہیں، قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 100پونڈ تک جرمانہ کیا جائے گا۔ نئے قوانین کے تحت ایسے افراد کے ساتھ جنسی تعلقات پر بھی پابندی شامل ہے جو آپ کے ساتھ نہیں رہتا ،اس بل کے نفاذ سے مانچسٹر اور شمال مغربی علاقوں سمیت دیگر مقامات پر ساڑھے چار لاکھ کے قریب افراد جرمانوں کی زد میں آ سکتے ہیں، جرمانوں کے قوانین کو 31جولائی کو آدھی رات کو خصوصی حکم نامے کے تحت نافذ کیا گیا تھا جس پر اب سختیاں بڑھائی جا رہی ہیں، پہلی بار قانون توڑنے پر 100پونڈ دوسری اورتیسری مرتبہ جرمانے میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے ‘ پب ، ریستوران ، کیفے ، دکانیں ، عبادت گاہیں ، تفریحی مقامات اور سیاحوں کی دلچسپی کیلئے لاک ڈائون میں کسی حد تک نرمی کر کے قوانین متعارف کرائے گئے ہیں، ابتدائی طو رپر چھ افراد تک کے آؤٹ ڈور گروپس کو عوامی مقامات پر سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے ایک دوسرے سے ملنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ڈارون بورو کونسل کے ساتھ بلیک برن کے عملے کا کہنا ہے کہ اگر قومی این ایچ ایس ٹیسٹ اور ٹریس سسٹم دو دن کی کوشش کے بعد کسی مقامی رہائشی سے رابطہ نہیں کرسکتا تو تفصیلات مقامی سروس کو پہنچائیں گی، اگر مقامی 48 گھنٹوں گزار جاتا ہے اور رہائشی نے ای میل ، متن یا فون کے ذریعہ جواب نہیں دیا ہے توٹیم کو اس کے گھر جانا ہوگا،یونیورسٹی کالج لندن اور لندن اسکول آف ہائیجن اینڈ ٹراپیکل میڈیسن کے محققین کے مطابق اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کے بعد دوسری لہر کو روکنے کے لئے این ایچ ایس سے رابطہ کا سراغ لگانے کا نظام 68 فیصد تک موثر اور رابطوں کو یقینی بناتا ہے۔