کری ایٹیو کلاؤڈ لائبریریاں...طالب علموں کی تخلیقی درس گاہیں

September 20, 2020

اگر آپ کی یہ سوچ ہے کہ ایڈو ب کری ایٹیو کلاؤڈ لائبریریاں صرف ڈیزائنرز کے لئےہیں تو اس بات کو فراموش کردیں۔اگر آپ تخلیقی و مصورانہ ذہانت کے مالک ہیں تو ان کری ایٹیو ایپلی کیشنزپر مبنی کلاؤڈ لائبریریز میں آپ کے لیے دل بستگی کےوہ تمام ساز و سامان موجود ہیںجو اپنے خیالات کو زندہ کرنے کے لئے درکار ہوتے ہیں۔ ’کری ایٹیو کلاؤڈ ممبرز‘ گرافک ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ ، ویب ڈویلپمنٹ اور فوٹو گرافی سمیت کئی بہترین ٹولز تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، جہاں وہ مختلف پلیٹ فارمز میں اپنے 10ہزار سے زائد تخلیقی اثاثوں کو اپنے اسمارٹ فون، ڈیسک ٹاپ ،لیپ ٹاپ یا ٹیب پر نہ صرف محفوط کرسکتے ہیں بلکہ آن لائن اپنی تخلیقی نگارشات پوری دنیا کو بھیج کر اپنی مصورانہ و تصویری ذہانت کا بھی لوہا منواسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ٹیوٹوریل ویڈیوز کے ذریعے اس فن میں مکمل مہارت حاصل کرکے آپ اپنی تخلیق کو نکھارنے کے ساتھ اس میں ہزار رنگ بھر سکتے ہیں۔ یہ آپ کی بہترین تخلیقی درس گاہ ثابت ہوسکتا ہے، جسے ابتدائی سطح سے اعلیٰ سطح تک سکھانے والے اساتذہ یوٹیوب پر ہمہ وقت موجود ہیں۔ اب یہ انتخاب آپ کا ہے کہ آپ کس لیول پر اس تصویری، فلمی اور گرافک دنیا میں داخل ہوتے ہیں۔ تصاویر اور رنگوں سے تخلیقی لے آؤٹ ترتیب دینے کے لیے ایڈوب کرایٹیو کلاؤڈ کے پاس آپ کی تخلیق کو بہتر بنانے کے لیے کئی ٹولز موجود ہیں۔

OnTheHubنامی ویب سائٹ پر طلبا بغیر کسی قیمت کے کری ایٹیو کلاؤڈ لائبریری حاصل کرنے کے اہل ہوسکتے ہیں، جہاں آپ کی تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے دنیا کی بہترین کری ایٹیو ایپس بشمول ایڈوب فوٹوشاپ سی سی ، لائٹ روم سی سی ، اسپارک ، ایڈوب ایکس ڈی سی سی ، السٹریٹر سی سی اور بہت کچھ موجود ہے۔ کری ایٹیو کلاؤڈ آپ کو کسی بھی ایپ سے اپنے منصوبوں اور گرافکس تک رسائی اور کہیں سے بھی اپناکام کرنے کی سہولت دیتا ہے۔

چنانچہ آپ اپنے فون پر ایک پروجیکٹ شروع کرسکتے اور اسے اپنے لیپ ٹاپ پر مکمل کرسکتے ہیں یا لیپ ٹاپ پر ایک پروجیکٹ شروع کرکے چلتے پھرتے ٹیبلٹ پر ترامیم کرسکتے ہیں۔ تمام ایڈوب کری ایٹیو کلاؤڈ ایپس آف لائن بھی چلتی ہیں۔ جب آپ سافٹ ویئر کو انسٹال کرتے اور لائسنس دیتے ہیں تو آپ کو صرف انٹرنیٹ تک رسائی کی ضرورت ہوگی۔ جب فائلوں کو کری ایٹیوکلاؤڈ فولڈر میں محفوظ کرنا ہو تو آپ آن لائن اور آف لائن دونوں طرح سے رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

اگر آپ ایڈوب کری ایٹیو کلاؤڈ کو استعمال کرنے میں نئے ہیں توگھبرائیں نہیں۔ آپ کی صلاحیت کے مطابق سینکڑوں ٹیوٹوریل موجود ہیں جو آپ کو قدم بہ قدم سبق آموز ہدایات ، نئی خصوصیات، نکات اور تراکیب مہیا کرتے ہیں۔ ایڈوب کری ایٹیو کلاؤڈ لائبریریوں کے ساتھ آپ کہیں سے بھی جُڑ سکتے، آسانی سے اپنے کام کو ایک جگہ پر اسٹور کرسکتے، ہم جماعت طالب علموں اور دوستوں کے ساتھ فائلوں اور پروجیکٹس کو شیئر کرسکتے ہیں۔

کری ایٹیو کلاؤڈ آپ کو ایپس ، اسباق اور بلٹ اِن ٹیمپلیٹس تک رسائی فراہم کرتا ہے، تاکہ آپ حیرت انگیز کام اور چشم کشا تخلیقات آسانی سے ڈیزائن کرسکیں۔ اپنے شاہکاروں کو تخلیق کرنے میں مدد دینے والی کری ایٹیو کلاؤڈ لائبریری میں شامل کچھ مشہور ایپلی کیشنر کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔

ایڈوب فوٹوشاپ سی سی

ایڈوب فوٹو شاپ سی سی یعنی’’ کری ایٹیو کلاؤڈ‘‘ سے آپ فوٹو گراف، السٹریشنز اور 3D آرٹ ورک بنا سکتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ ویڈیوزایڈیٹنگ، حقیقت سے قریب تر مصورانہ شاہکار اور بہت کچھ بنایا جاسکتا ہے۔

ایڈوب اِن ڈیزائن

ایڈوب اِن ڈیزائن پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے لئے فائل بنانے اور اسے شائع کرنے کی سہولت مہیا کرتا ہے۔ اس کی بدولت آپ پوسٹر ، بروشرز، رپورٹ اور اپنے کوائف کا ایسا دلکش ڈیزائن بنا سکتے ہیں جو دیکھنے والوں کو نظر بھر کر دیکھنے پر مجبور کردے۔ اخبارات و جرائد اور کتابوں کے مسحور کن ڈیزائنز میں اسی کلاؤڈ لائبریری کا استعمال ہوتا ہے۔

ایڈوب فوٹوشاپ لائٹ روم

ایڈوب فوٹوشاپ لائٹ روم ایک طاقتور فوٹو ایڈیٹنگ ایپ ہے،جہاں آپ تصاویر کو سلائیڈرز ، فلٹرز اور فوری ایڈجسٹمنٹ ٹولز سے دلکش بناکر اپنے فن کا لوہامنوا سکتے ہیں۔

ایڈوب السٹریٹر

ایڈوب السٹریٹر ایک ویکٹر گرافکس ایپ ہے جس سے آپ پرنٹ ، ویب ، ویڈیو اور موبائل کیلئے لوگوز ،آئیکونز، ڈرائنگز ، ٹائپوگرافی اور السٹریشنز بنا کر طالب علمی کے دور ہی میں اپنے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔ جبکہ ایڈوب السٹریٹر ڈرا سے آپ اپنےٹیبلٹ یا موبائل ڈیوائس پر حیرت انگیز، توسیع پذیر ویکٹر ڈیزائن کرکے ایڈوب کرایٹیو کلاؤڈ ڈیسک ٹاپ اور موبائل ایپس میں بھیج سکتے ہیں۔

ایڈوب پریمیئر پرو

ایڈوب پریمیئر پرو آپ کو اپنی ویڈیو تخلیقات کو بڑی اسکرین پر لانے کے لیےرنگوں کو ایڈجسٹ کرنے، آڈیو بہتر بنانے، مطلوبہ مناظر کی ایڈیٹنگ اور کلپس کی کاٹ چھانٹ کرنے میں رہبر کا کام دیتا ہے۔

ایڈوب اسپارک

ایڈوب اسپارک کے ذریعے آپ گرافکس ، ویب پیجز اور ویڈیو اسٹوریز بنا کر اپنی visual storytelling کو فروغ دیتے ہوئے ہر جگہ شیئر کر سکتے ہیں۔