جرائم پیشہ عناصر بے لگام

September 27, 2020

رواں ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائمز اورلوٹ مار کی وارداتوں کے ساتھ بچوں، بچیوں ،خواتین کے اغوا ، زیادتی اور قتل کی وارداتیں لمحہ فکریہ ہے ۔دوسری جانب سائبر کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے بھی شہریوں کو دوہری اذیت میں مبتلا کر دیاہے ۔ گزشتہ دنوں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل نے کامیاب کارروائی کرکے ایک گروہ کے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ فیس بک، واٹس ایپ اور سوشل میںیادیگر سائٹس پر نوکری کا جھانسہ دے کرمخصوص نوجوانوں کو انٹرویو کے لئے بلواتے تھے اور اسلحے کےزور پر نوجوانوں سے غلط کاری کرتے تھے۔ اس دوران وہ ان کی ویڈیو بنا کر بلیک میلنگ کرنے ساتھ انٹرنیشنل پورن ایپلیکشن پر اپ لوڈ کرتے تھے۔

ملزمان فیس بک، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کے ذریعے نوکری کا جھانسہ دے کر یہ مکروہ فعل انجام دیتےتھے۔ انہوں نے اپنے گروپ کا نام کر اچی کال سینٹر جابز رکھا تھا ۔ 15 سالہ نوجوان کے ساتھ زیادتی کی شکایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کرکے مذکورہ گروہ کے 2 ارکان کو گرفتار کرلیا ۔

دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے کئی نوجوانوں سے زیادتی کے واقعات کا انکشاف کیا۔ ایف آئی اے نے ملزمان کی نشاندہی پر مزید 4ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ۔گرو ہ کے کارندوں سے ملنے والے موبائل فونز سے کئی غیر اخلاقی ویڈیوز بھی برآمد کی گئیں ۔ متاثرہ نوجوان نے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل سے رابطہ کر کے شکایت درج کرائی تھی کہ مجھے واٹس ایپ پر کراچی کال سینٹر جوبز گروپ کی جانب سے نوکری کی پیشکش موصول ہوئی اور انٹرویو کے لیے ڈرگ روڈ پر واقع فلیٹ پر بلایا گیا جہاں اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔اس دوران اس کی ویڈیو بنائی گئی۔

گروہ کے کارندے نوجوان کو بلیک میل کرکے ویڈیو اس کے گھر والوں کو بھیج رہے تھے۔یہ گروپ ویڈیوز دیگر انٹرنیشنل سوشل میڈیا ایپلیکیشنز پر بھی اپ لوڈ کر چکا ہے۔گروپ کے کارندوں کو گلستان جوہر اور دیگرعلاقوںسے گرفتار کیا گیا ایف آئی اے سائبر کرائم سر کل کے ایڈیشنل ڈائریکٹر فیض اللہ کوریجو کے مطابق گروپ نوجوان بچوں کو نوکری کا جھانسہ، پیسے دے کر غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر انٹرنیشنل ایپ پر اپلوڈکرتا تھا ۔ یہ گروپ ہوموسیکس ایپ گرنڈر ہے - بیشتر متاثرہ نوجوانوں نے بدنامی کے خوف سے نہ تو پولیس اور نہ ایف آئی اے کو شکایت کی۔

ہیکرز اتنے دلیر ہوگئے ہیں کہ وہ قومی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروںکو چیلنج دینے لگے ہیں۔ ہیکرز نے کے الیکٹرک کے بعد کراچی پولیس آفس (کے پی او)کے میڈیا سیل کے کمپیوٹر سسٹم کا ڈیٹا ہیک کر کے 980ڈالرز تاوان کامطالبہ کیاا۔اطلاع ملنے پر ایف آئی اے سائبرکرائمز کے افسران نے موقع پر پہنچ کر ڈیٹا سسٹم تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ۔

سندھ میں بچوں کے اغوا اور زیادتی کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے ۔چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق جنوری سے اگست تک سندھ میں بچوں سے زیادتی کے 93 واقعات ہوئے۔کراچی بھی ان سے محفوظ نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق کراچی میں بچوں کی گمشدگی کے 661 واقعات ہوئے، جن میںسے 428 بچے مل گئے، جبکہ233 تاحال بازیاب نہیں کرائے جاسکے ہیں۔چند ہفتے قبل پی آئی بی تھانے کی حدود پرانی سبزی منڈی کے قریب صبح گھر سے کیک لینے دوکان جانےوالی کمسن بچی مروہ کے اغوا، قتل اور زیادتی کےروح فرسا واقعہ کے بعداہل خانہ اور علاقہ مکنوں کے شدید احتجاج کیا جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔

اس واقعے میں نواز نامی شخص کے ملوث ہو نے کا دعویٰ کر کے اسے حراست میں رکھا گیا۔ اسی دوران پولیس نے 2افغانی باشندوں فیض عرف فیضو اور عبداللہ افغانی کو گرفتار کر کے ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا گیاجوپازیٹو آیا ہے ۔بعد ازاںڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ دونوں افغان شہری ہیں ،جنھوں نے قومی شناختی کارڈزاور پاکستانی پاسپورٹ بھی بنا رکھے ہیں۔ایک ملزم درزی اور دوسرا کچرا چننے والا ہے۔ ۔ا بھی اس واقعے کی باز گزشت جاری تھی کہ کلفٹن میں 22 سالہ ملازمت پیشہ نوجوان لڑکی کو 2 ملزمان نے اغواء کر کے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا یا ۔پولیس نے متاثرہ لڑکی کو نیم بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا ۔

پورٹ قاسم بینظیر سوسائٹی پیپری سے اغوا کرکے 10 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والےملزم کو پورٹ قاسم سکیورٹی اہلکاروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا،10 سالہ شبانہ کے ساتھ بے نظیر سوسائٹی میں واقع زیر تعمیر مکان میں ملزمان گلزار اور ریاض نے زیادتی کرنے کی کوشش کی۔سکیورٹی اہلکاروں نے ملزم گلزار کو پکڑلیا جبکہ ملزم ریاض فرار ہوگیا۔ پولیس نے گلزار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔

گزشتہ دنوں ایڈیشنل آئی جی کراچی کی صدارت میں منشیات کی روک تھام اور اسٹریٹ کرائمزپر قابو پانے کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہواجس میں ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز نے شہر میں منشیات کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں موٹرسائیکل چوری اور اسٹریٹ کرائمزکی وارداتوں میں زیادہ تر منشیات کے عادی افراد ملوث پائے گئے ہیں۔

شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائمزکی وارداتیں تسلسل سے جاری ہیں۔ گزشتہ روز کورنگی گودام چورنگی کے قریب 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ڈیوٹی پر جانے والے مددگار 15کے پولیس اہلکارعارف خان تنولی کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا ۔ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کی جان لے لی گئی۔کورنگی کراسنگ کے قر یب ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پرڈاکوؤں کی فائرنگ سے سگریٹ سپلائی کر نے والی نجی کمپنی کا منیجر35 سالہ محمد عمیر ولد جاوید جاں بحق او ر ڈرائیور زخمی ہو گیا ۔ملزمان واردات کے دوران 11 لاکھ سے زائد رقم بھی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود احسن آباد میں سابق ایف آئی اے افسر اشرف سے موٹر سائیکل سوار2ملزمان 15لاکھ روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے ۔متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گاڑی روک کر رقم طلب کی جومیں نےدی تو ملزمان نےکہا کہ پورے 15لاکھ روپے دو،جو بینک سےنکال کر لائے ہو۔متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ ملزمان کوشاید بینک سے مخبری ہوئی ہے ،کیونکہ اس نےمنیجر کے کمرے میں چیک دئیےتھے۔

گذری تھانے کی حدود ڈی ایچ اے فیز 4 میں واقع پی آئی اے کے کیپٹن عدنان کے گھر سے 3مسلح ڈاکو گھر کے ملازم کو اسلحے کے زور پر قابو کرکے 20 تولہ سونا ، غیر ملکی کرنسی سمیت لاکھوں روپے نقدقیمتی سازوسامان، گھر میں موجود اسلحہ،ہونڈا سوک گاڑی بھی لے گئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔شاہراہ نورجہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد قلندیہ چوک کے قریب2مسلح ملزمان موٹرسائیکل آٹو پارٹس کی دکان پر موجود دکاندار سمیت 7افرادکو یرغمال بناکرنقدی ، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ لیا ۔لیاری نیاآباد میمن سوسائٹی میں ملک شاپ پرمسلح ملزمان کی فائرنگ سے 50سالہ اشفاق شاہ ولد ابراہیم شاہ اور25سالہ نعمان ولد سلیم زخمی ہو گئے ۔

اورنگی ٹاؤن نمبر4بدرچوک کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر کے 34سالہ فہد ولد اسلم کو زخمی کر دیا ۔سائٹ ایریا میٹروو ل گرلز کالج کے قریب نقاب پوش موٹر سائیکل سوار 2مسلح ملزمان دن دہاڑے بینک سے رقم لے کر آنے والے شہری سے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ۔بلدیہ ٹا ئون عابد آباد میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران ملزمان نے فائرنگ کرکے 29 سالہ کلیم اللہ ولد عبدالمطلب کوزخمی کردیا ۔گلشن اقبال بلاک 2 میں ایک ہی مقام پر 5 گھنٹوں کے دوران الوٹ مار کی 2 وارداتیں ہوئیں۔

پی آئی بی کالونی تھانے کی حدودپرانی سبزی منڈی عسکری پارک کے قریب ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے 28 سالہ محمد اختر ولد غلام اصغر کو زخمی کردیااور فرار ہو گئے ۔گلستان جوہر بلاک 12 کے قر یب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائر نگ کرکے 25 سالہ :شاہ رخ ولد محمد سلیم کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے ۔