اسٹاک مارکیٹ، چند مخصوص سیکٹر میں خریداری، 463 پوائنٹس کا اضافہ

September 30, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں حکومتی مالیاتی اداروں اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی سرگرمی اورچند مخصوص سیکٹر میں خریداری سے مندی کا رحجان تبدیل ہو گیا،کے ایس ای 100انڈیکس میں 463پوائنٹس کا اضافہ ہوا ،41ہزار کی حد بحال ہو گئی ،سرمایہ کاری مالیت میں 74ارب 29کروڑ 54لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ،67.27فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی لیکن کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت کم رہا ،تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز حکومتی مالیاتی ادارے اور انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے خریداری دیکھی گئی جس سے مندی کا رحجان تبدیل ہو گیا اور کے ایس ای100 انڈیکس 463.41 پوائنٹس کے اضافے سے 40740.95 پوائنٹس سے بڑھ کر 41204.36 پوائنٹس پر آگیا ،کے ایس ای30 انڈیکس میں بھی 218.66 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے یہ 17470.17پوائنٹس پر پہنچ گیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 281.61پوائنٹس کے اضافے سے 29295.24پر بند ہوا، منگل کو مارکیٹ میں 412کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا ،277کے بھاو میں اضافہ ،115کے بھاو میں کمی جبکہ 20کے بھاو مستحکم رہے ،کاروباری حجم 35کروڑ 36لاکھ 50ہزار شیئرز تک محدود رہا جو گزشتہ روز کی نسبت بھی 5کروڑ 35لاکھ 44ہزار شیئرز کم ہے ،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 74ارب 29کروڑ 54لاکھ کے اضافے سے 7728ارب 91کڑور 4لاکھ روپے ہو گئی ،کاروباری حجم کے لحاظ سے ہیسکول پیٹرول ،یونٹی فوڈ ، کے الیکٹرک ، پاک انٹر نیشنل بلک اور ٹی آر جی نمایاں رہے ۔