آرزو کیس کے فیصلے پر نظر ثانی کیلئے سندھ حکومت عدالت سے رجوع کرے گی، بلاول

October 30, 2020


پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت آرزو راجہ کیس کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے عدالتوں سے رجوع کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ آرزو راجہ کیس میں اگر معزز عدالت کو شبہات ہیں تو انہیں دور کیا جائے گا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے دائرہ کار میں انصاف کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کم عمر میں شادی سے متعلق جو قانون سازی کی اس پر عملدر آمد کے لئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے اسلام قبول کرکے پسند کی شادی کرنے والی آرزو فاطمہ کے کیس تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

تحریری حکم نامے کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو آرزو فاطمہ کے شوہر اور اہل خانہ کی گرفتاری سے روک دیا اور جوڑے کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور پولیس کو نوٹس جاری کردیئے۔