سعودی یمن ٹرانسپورٹ معاہدہ، تعمیر و ترقیاتی منصوبے

November 04, 2020

وزارت سعودی ٹرانسپورٹ اور یمن کے لیے ترقی اور تعمیرِنو پروگرام (ایس ڈی آر پی وائی) کے تعاون سے ایک سمجھوتے پر دست خط کردئیے ہیں۔اس کے تحت جمہوریہ یمن کے شہروں کے درمیان شاہراہوں کو بہتر بنایا جائے گا اور زمینی ،سمندری اور فضائی ٹرانسپورٹ کے نظام کو ترقی دی جائے گی۔ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اس تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر سعودی ٹرانسپورٹ کے وزیر صالح بن ناصر آل جسر اور ایس ڈی آر پی وائی کے نگرانِ اعلٰی سفیر محمد بن سعید آل جابر نے دست خط کیے ہیں۔

یہ سمجھوتا بھی ایس ڈی آر پی وائی کی یمن میں مختلف اہم شعبوں کی تعمیروترقی اور شہری خدمات کو بہتر بنانے کی کاوشوں کا حصہ ہے۔آل جسر کا کہنا ہے کہ اس سمجھوتے کی تحت آمد ورفت کے ذرائع اور انفرااسٹرکچر کے ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں پر عمل درآمد سے یمنی شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انھوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس سمجھوتے کے تحت یمن کے مختلف شہروں اور شاہراہوں کے ذریعے ملانے سے مطلوبہ مقاصد حاصل ہوسکیں گے۔

آل جسر نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا یمن کی تعمیرِنو اور ترقی کے لیے فراخ دلانہ مالی امداد ومعاونت پر شکریہ ادا کیا ہے۔سعودی سفیر آل جابر نے کہا کہ مفاہمت کی اس یادداشت سے یمن میں ٹرانسپورٹ کی خدمات بہتر بنائی جائیں گی اوراس کے تحت منصوبوں کی تکمیل سے آمدورفت کے ذرائع کو ترقی ملے گی۔

نیز یمنی شہروں اور علاقوں کو خطے اور دنیا سے مربوط بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس ضمن میں سعودی عرب کی ٹرانسپورٹ وزارت سے مفید تعاون کو سراہا ہے۔اس سمجھوتے سے یمن کے شعبہ ٹرانسپورٹ سے وابستہ پیشہ ور حضرات کی مہارتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور شاہراہوں کی تعمیرومرمت کے شعبے میں کام کرنے والوں کو فنی امداد مہیا ہوگی۔