معیشت کی بہتری کے لیےسرمایہ کاری جاری رکھیں گے، وسیم خان

November 22, 2020


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او ) وسیم خان کا کہنا ہے کہ ‏ کوویڈ 19 کی وجہ سے اخراجات بڑھے ہیں لیکن یہ اخراجات نہیں سرمایہ کاری ہے، ملکی معیشت کی بہتری کے لیے سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔

جاری کیئے گئے ایک بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے تو اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے، اخراجات بڑھنے کو مثبت انداز میں لینا چاہیئے، کھیلوں کی سرگرمیاں ہونے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات پڑتے ہیں۔

وسیم خان نے کہا ہے کہ ‏ ہوٹل انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم نے 5 ہزار ملازمتوں کو محفوظ بنایا ہے، کرکٹ ہونے سے کھلاڑی اور متعلقہ افراد 5 اور 4 اسٹار ہوٹلز میں قیام کر رہے ہیں، فلائٹ اور ٹریولنگ سے بھی متعلقہ شعبوں کو فائدہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساؤ تھ افریقہ اور پی ایس ایل 6 کے دوران بھی مزید سرمایہ کاری ہو گی، وزیرِاعظم عمران خان نے افغانستان ٹیم کو دورے کی دعوت دی ہے، ‏ افغانستان ٹیم کے دورے کو ممکن بنانے کے لیے ونڈو نکالیں گے، جس کے لیے افغانستان کے ساتھ جلد ہی بات چیت کا آغاز کر رہے ہیں۔

وسیم خان کا مزید کہنا ہے کہ ‏ کرکٹ کے لیے افغانستان کا ترقی کرنا بڑی اہمیت کا حامل ہے، ‏ پاکستان نے شروع سے ہی افغان کرکٹ کی معاونت کی ہے، ‏افغان کرکٹرز پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کوچنگ سے متعلق یہ بھی کہا ہے کہ ‏ راشد لطیف اور انضمام الحق نے افغانستان میں کوچنگ کی۔