2022ء تک 5جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا منصوبہ ہے، سید امین الحق

November 24, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق نے کہا ہے کہ دسمبر 2022ء تک پاکستان میں 5جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا منصوبہ ہے ۔ حکومت پے پال کے پاکستان میں خدمات فراہمی سے انکار کے بعد دیگر ڈیجیٹل پیمنٹ سولوشنز پر کام کر رہی ہے۔حکومت پاکستان میں کرپٹوکرنسی کی اجازت دینے کو بھی تیار ہے اور اس مقصد کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) سے ملک میں کرپٹوکرنسی کی تجارت کو محفوظ بنانے کے لیے قانونی لحاظ سے مدد لے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ملائیشیا فرینڈشپ ایسوسی ایشن (پی ایم ایف اے) کی دوسری ’’ پذیرائی ایوارڈز 2020‘‘ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے قونصل جنرل خیرالنظران عبدالرحمان، پاکستان ملائیشیا فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر شاہد جاوید قریشی، سینیٹر حسیب خان، مجید عزیز و دیگر بھی موجود تھے۔